پشاورمیں سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے میں 12 افراد جاں بحق درجنوں زخمی

جاں بحق ہونے والوں میں خاصہ دار فورس کے 2 اہلکار اور ایک کم سن بچہ بھی شامل ہے۔


ویب ڈیسک January 19, 2016
جاں بحق ہونے والوں میں خاصہ دار فورس کے 2 اہلکار اور ایک کم سن بچہ بھی شامل ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

کارخانو بازار میں خاصہ دار فورس کی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔





خیبر ایجنسی كی تحصیل جمرود میں كارخانو پولیس پھاٹك كے نزدیك صبح کے اوقات میں خودكش بمبارنے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، دھماكا اتنا شدید تھا كہ اس كی آواز دور دور تك سنی گئی جب كہ دھماكے سے نزدیك دكانوں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی، اس موقع پرموجود سكیورٹی اہلكاروں نے لوگوں كو دھماكے كی جگہ سے ہٹانے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی كی، دھماكے كے فوری بعد پولیٹیكل انتظامیہ نے امدادی كارروائیاں شروع كی، لاشوں كو جمرود كے سول اسپتال پہنچایا اور زخمیوں كو پشاور كے اسپتالوں میں پہنچا دیا گیا۔ دھماكے كے فوری بعد سكیورٹی فورسز نے علاقے كو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع كردیا جب كہ جمرود اور پشاور كے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ كردی گئی۔



اسسٹنٹ پولیٹیكل تحصیلدار خیبر ایجنسی عصمت اﷲ وزیر كے مطابق دھماكا خودكش تھا جس میں خاصہ دار فورس كے اسسٹنٹ لائن آفیسر نواب شاہ كی گاڑی كو نشانہ بنایاگیا۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے بعض افراد کی شناخت ہوگئی جن میں نواب شاہ آفریدی ،صحافی محبوب شاہ آفریدی،حوالدار گل صاحب ،عبدالرازق ،زوجہ شعیب ملك دین خیل ،تیمورولدگل رحمن اور دیگر جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔





بم ڈسپوزل یونٹ كے مطابق دھماكے میں 10 سے 14 كلوگرام بارودی مواد استعمال كیا گیا، جائے وقوعہ سے خودكش حملہ آور كا سر اور ٹانگیں ملی ہیں جب كہ دھماكے كے حوالے سے مزید شواہد اكٹھے كیے جارہے ہیں۔



دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹك نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد كے لواحقین اور زخمیوں كے ساتھ ہمدردی كا اظہاركیا ہے۔

مقبول خبریں