ہیڈ کوچ نے روٹیشن پالیسی اپنانے کا اشارہ دے دیا

ایشیا کپ اورورلڈ ٹی 20 میں ٹیم کمبی نیشن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ جاری رہے گی، وقار یونس


Sports Desk February 27, 2016
انجریزسے پریشانی ہوئی،پی ایس ایل کی عمدہ فارم برقراررہی تو جیتیں گے،وقاریونس فوٹو: رائٹرز/فائل

ایشیاکپ اور ورلڈ ٹی20 میں ٹیم کمبی نیشن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ جاری رہے گی، ہیڈ کوچ وقار یونس نے روٹیشن پالیسی اپنانے کا اشارہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی پاکستان کیلیے اہم ٹورنامنٹس ہیں، منتخب کرکٹرز پی ایس ایل کھیل کر بھرپور فارم میں ہیں، ایونٹ کی پرفارمنس دہرائی تو امید ہے کہ گرین شرٹس ایشیا کپ میں کامیاب ہوجائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ میچز میں زیادہ وقفہ نہ ہونے کی وجہ سے آرام کا وقت کم ہوگا، کوشش ہوگی کہ کھلاڑیوں کو روٹیشن پالیسی پر کھلایا جائے، میں چاہتا ہوں کہ کم از کم فاسٹ بولرز کو باری باری میدان میں اتارتے ہوئے فارم اور فٹنس برقرار رکھنے کا موقع دیا جائے، کوچ نے کہا کہ ٹیم میں تبدیلیاں مجبوری میں کی گئی ہیں۔

کھلاڑیوں کی انجریزسے پریشانی کا سامناکرنا پڑا، بابراعظم اور رومان رئیس فٹ نہیں تھے، اسی لیے شرجیل خان اور محمد سمیع کو اسکواڈ میں شامل کرنا پڑا، دونوں نے پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کی بدولت کم بیک کیا،امید ہے کہ توقعات کے مطابق پرفارم کرتے ہوئے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ ایونٹ میں پاکستان کا پہلا مقابلہ ہفتے کو بھارت سے ہو رہا ہے، ہیڈ کوچ کو امید ہے کہ کھلاڑی ملنے والے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے، انھوں نے سینئرز سے بھی اچھے کھیل کی توقعات باندھ لی ہیں،عموماً آئی سی سی ایونٹس میں روایتی حریف کیخلاف گرین شرٹس جدوجہد کرتے دکھائی دیتے ہیں مگر کوچ کو یقین ہے کہ اس بار ایسا نہیں ہوگا۔

مقبول خبریں