ویمنزٹیم تماشائیوں کی ہوٹنگ نظرانداز کرنے کیلیے تیار

پاکستانی اسکواڈ کی چنئی آمد، کپتان نے سیمی فائنل میں رسائی کاعزم ظاہر کردیا


Sports Desk March 13, 2016
پاکستانی اسکواڈ کی چنئی آمد، کپتان نے سیمی فائنل میں رسائی کاعزم ظاہر کردیا ۔ فوٹو : پی پی آئی

ورلڈ ٹوئنٹی20 میں شرکت کیلیے قومی ویمنز ٹیم چنئی پہنچ گئی، کھلاڑی تماشائیوں کی ممکنہ ہوٹنگ نظرانداز کرنے کیلیے تیارہیں، کپتان ثنا میر نے سیمی فائنل تک رسائی کا عزم ظاہر کیا، ان کا کہنا ہے کہ تمام پلیئرز جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط ہیں، حریف ٹیموں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی20 میں حصہ لینے کیلیے کراچی سے روانہ ہونے والی قومی ویمنز ٹیم براستہ دبئی بھارتی شہر چنئی پہنچی،اتوار کی شام پریکٹس سیشن سے قبل کپتان ثنا میر پریس کانفرنس کریںگی، گذشتہ میگا ایونٹ میں ساتویں پوزیشن پانے والی گرین شرٹس کی قیادت بھی انہی کے سپرد تھی۔

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثنا میر نے کہا کہ ہم مثبت سوچ کے ساتھ کرکٹ کھیلنے جارہے ہیں، روانگی میں تاخیر سے2 وارم اپ میچز کھیلنے کے مواقع ضائع ہونے کا افسوس ہے۔ ان مقابلوں میں شرکت سے اچھی پریکٹس مل جاتی لیکن اب بھی بہتر کارکردگی پیش کرنے کیلیے پُرعزم ہیں، پوری امید ہے کہ ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ دوران میچ تماشائیوں کی ہوٹنگ کے عادی ہیں، ورلڈ ٹوئنٹی20 مقابلوں میں اگر ایسا ہوا بھی تو تمام تر توجہ صرف کھیل اور جیت پر ہوگی۔

ثنا میر نے کہا کہ پی سی بی سے کہا ہے کہ بھارت میں میگا ایونٹ کے بعد قومی ٹیم کی قیادت چھوڑنا چاہتی ہوں لیکن جب تک خود کو فٹ محسوس کیا بطور عام کھلاڑی ٹیم میں شامل رہنا چاہوں گی۔ یاد رہے کہ پول بی میں شامل پاکستانی ٹیم اپنا پہلا لیگ میچ گذشتہ ایونٹ کی سیمی فائنلسٹ ویسٹ انڈیز کے خلاف بدھ کو چنئی میں کھیلے گی، 19 مارچ کو نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ پر میزبان بھارت سے مقابلہ ہوگا۔

مقبول خبریں