کولکتہ میں پاک بھارت میچ کے ٹکٹ گوہر نایاب ہوگئے

بلیک کرنے والوں کی چاندی ہوگئی، 500 کا ٹکٹ 5000تک میں فروخت ہونے لگا


Sports Desk March 18, 2016
 بلیک کرنے والوں کی چاندی ہوگئی،500 کا ٹکٹ 5000تک میں فروخت فوٹو؛ فائل

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 20میں پاک بھارت میچ کے ٹکٹ گوہر نایاب ہوگئے، کاؤنٹرز کا رخ کرنے والوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہزاروں افراد کوخالی ہاتھ رہنا پڑے گا، بلیک کرنے والوں کی چاندی ہوگئی،500 کا ٹکٹ 5000تک میں فروخت ہونے لگا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 20میں پاکستان اور بھارت کا میچ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر دھرم شالہ سے کولکتہ منتقل ہونے کے باجود شائقین کا جوش و خروش بڑھ گیا ہے، ایڈن گارڈنز میں 6سال قبل ایک لاکھ تماشائیوں کی گنجائش ہوتی تھی تاہم اب 65ہزارلوگ سماتے ہیں،روایتی حریفوں کے مقابلے کیلیے ٹکٹوں کی قیمتیں 500، 1000اور 1500رکھی گئیں، وینیو کی تبدیلی کے سبب آن لائن فروخت کا سلسلہ بھی تاخیر سے شروع ہوا، اس میں فارم بھرنے والوں کا تعلق مختلف ملکوں سے تھا، ان کو قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب بھی کیا جاچکا، دوسری جانب کولکتہ میں کاؤنٹرز پر بھی فروخت شروع ہوئی تھی۔

جہاں بینز پر ایک ہی تحریر نظر آتی ہے کہ اب یہاں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا،ایک آس لیے بار بار واپس آنے والے شائقین کو صرف مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہزاروں کا انتظار کبھی ختم نہیں ہوگا، دوسری جانب کسی نہ کسی طور یہ گوہر نایاب حاصل کرکے بلیک کرنے والوں کی چاندی ہوگئی۔

500 کا ٹکٹ 5000تک میں فروخت کیا جارہا ہے،بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ٹکٹوں کی مانگ اسٹیڈیم کی گنجائش سے کئی گنا زیادہ ہے، ایڈن گارڈنز میں تل دھرنے کو جگہ نہیں ہوگی تاہم ہر شائق کی میچ دیکھنے کی خواہش پوری نہیں کرسکتے، انھوں نے بتایا کہ دھرم شالا میں میچ ٹکٹ خریدنے والے ایک ہزار شائقین کو کولکتہ میں نشستیں فراہم کردی جائیں گی۔

مقبول خبریں