ورلڈ ٹی 20 پاکستانی خواتین بھارت پر بھاری پڑنے کیلیے تیار

ویسٹ انڈیزکیخلاف دلیرانہ پرفارمنس کے بعد شائقین نے عمدہ کھیل کی توقعات لگالیں


Sports Desk March 19, 2016
ویسٹ انڈیزکیخلاف دلیرانہ پرفارمنس کے بعد شائقین نے عمدہ کھیل کی توقعات لگالیں ۔ فوٹو: فائل

ویمنز ورلڈ ٹوئنٹی20 میں گرین شرٹس کی دوسری آزمائش ہفتے کو نئی دہلی میں ہوگی، پاکستانی خواتین بھارت پر بھاری پڑنے کیلیے تیار نظر آتی ہیں، ویسٹ انڈیز سے میچ میں دلیرانہ پرفارمنس کے بعد شائقین نے بھی عمدہ کھیل کی توقعات وابستہ کرلیں، اسپنر انعم امین امیدوں کا محور ہونگی، باہمی مقابلوں میں5-1 کی واضح سبقت کی وجہ سے میزبان سائیڈکو فیورٹ خیال کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویمنز ورلڈ ٹی 20 میں پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ ہفتے کو فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم نئی دہلی میں میزبان بھارت سے کھیل رہی ہے، باہمی مقابلوں میں میزبان ٹیم کو 5-1 کی واضح سبقت حاصل لیکن جس انداز میں گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیل پیش کیا اسے دیکھ کر امید کی جاسکتی ہے کہ وہ اس مرتبہ کسی حریف کیلیے بھی تونوالہ ثابت نہیں ہوگی۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان باہمی ٹوئنٹی20 سیریز منعقد نہیں ہوپائی اور یہ 6 میچز ورلڈ اور ایشین ایونٹس میں ہی ہوئے ہیں، 2014 میں بنگلہ دیش میں منعقدہ ورلڈ ٹی 20 ایونٹ کے بعد اگرچہ پاکستانی ٹیم نے بھارت سے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلے لیکن اس میں ہارجیت کا تناسب 5-1 رہا ہے۔

گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کیخلاف دلیرانہ پرفارمنس سے ناقدین سے داد سمیٹی ہے، اگرچہ بیٹسویمنز 104 کا ہدف پانے میں ناکام رہیں تاہم 23 سالہ اسپنر انعم امین کی کارکردگی نمایاں رہی، جنھوں نے 16رنز کے عوض 4 وکٹیں اپنے نام کیں، جس کی بدولت کیریبیئن سائیڈ8 وکٹ پر 103رنز تک محدود ہوگئی تھی۔ گروپ 'بی ' میں شامل بھارتی ٹیم نے رواں ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کیخلاف 5 وکٹ پر 163کی صورت میں اپنا ریکارڈ مجموعہ ترتیب دیکر 72رنز سے کامیابی پائی تھی۔

مقبول خبریں