شہریارنے ایک بار پھرسیریزکے خواب دیکھنے شروع کردیے

سیاست کوکھیل سے دوررکھتے ہوئے بھارتی حکومت کواجازت دے دینی چاہیے، چیرمین پی سی بی


Sports Desk March 20, 2016
بھارت میں گرین شرٹس کو اب سیکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں، چیئرمین پی سی بی ۔ فوٹو : فائل

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ایک بار پھر پاک بھارت باہمی سیریز کے خواب دیکھنے شروع کردیئے، ان کا کہنا ہے کہ سیاست کو کھیل سے دور ہی رکھنا چاہیے، بھارتی حکومت اب دونوں ٹیموں کو آپس میں کھیلنے کی اجازت دیدے، کرکٹ ہی قوموں کے درمیان پل کا کردار ادا کرسکتی ہے۔

بھارت میں گرین شرٹس کو اب سیکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں، انھوں نے ان خیالات کا اظہار میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں پاک بھارت میچ دیکھنے کیلیے کولکتہ جانے والے شہریار خان نے ایک بار پھر دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیریز کے احیا کی کوششیں شروع کردی ہیں، انھوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اسپورٹس میں سیاست بُری طرح گڈ مڈ ہوچکی حالانکہ یہ دونوں قطعی مختلف چیزیں ہیں۔

مجھے اس بات کی پوری امید ہے کہ دونوں ممالک میں باہمی سیریز کا دوبارہ آغاز ہوگا، حقیقت تو یہ ہے کہ جب میں نے گذشتہ مرتبہ بھارتی بورڈ کے صدر ششانک منوہر سے ملاقات کی تو انھوں نے بھی ہمارے ساتھ باہمی سیریز کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی مگر اسے اپنی حکومت کی اجازت سے مشروط کیا تھا، بدقسمتی سے بھارتی حکومت نے اجازت نہیں دی مگر ہم اس کیلیے اب بھی پُرامید ہیں۔ شہریار خان نے کہا کہ پاک بھارت میچ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ دنیا بھر کیلیے دلچسپی کا باعث ہوتا ہے۔

آپس میں کرکٹ کھیلنے سے لوگوں کے لوگوں سے تعلقات بڑھتے اور اچھا ماحول پیدا ہوتا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اگر دونوں ممالک باہمی تعلقات کو آگے لے جانا چاہتے ہیں تو اس کیلیے کرکٹ کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ پاکستان ٹیم کی بھارت آمد میں تاخیر سے متعلق سوالات پر شہریار خان نے کہاکہ اصل مسئلہ سیکیورٹی تھی مگر خدا کا شکر ہے کہ اب اسکواڈ یہاں موجود ہے، میں سمجھتا ہوں کہ حقیقی مسئلہ وہ سیاسی دھمکیاں بنیں جن کا نشانہ پاکستان تھا، کچھ گروپس ایسا کرتے ہیں اس لیے ہماری حکومت کا اس حوالے سے ٹھوس یقین دہانی مانگنا ضروری تھا۔

مقبول خبریں