بھارت میں تکبر زیادہ ہے اسے پاکستان سے کرکٹ کیلئے قدم آگے بڑھانا چاہیئے عمران خان

پاکستان نے دو طرفہ سیریز کیلیے ہمیشہ مثبت سوچ رکھی ہے لیکن بھارت نے اس کا جواب مثبت نہیں دیا ہے، سابق قومی کپتان


Sports Desk March 21, 2016
پاکستان نے دو طرفہ سیریز کیلیے ہمیشہ مثبت سوچ رکھی ہے لیکن بھارت نے اس کا جواب مثبت نہیں دیا ہے، سابق قومی کپتان۔ فوٹو: فائل

بھارت سے ورلڈ ٹی 20 کے موقع پر کولکتہ میں بطور خاص مدعو سابق قومی کپتان عمران خان نے کہا ہے کہ پاک بھارت دوطرفہ کرکٹ سیریز کو یقینی بنانے کے لیے بھارت کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

اتوار کی صبح وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر بی بی سی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ پاک بھارت دوطرفہ سیریز کا انعقاد بہت ضروری ہے، یہ ایک بڑی کرکٹ ہے جس کا فائدہ دونوں کرکٹ بورڈزکو ہوگا، عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پہلے ہی مالی طور پر مستحکم ہے لیکن زیادہ فائدہ پاکستان کی کرکٹ کو ہوسکتا ہے اور اس سے جو بھی پیسہ آئیگا وہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کوبہتربنانے پرکام آسکتا ہے،عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے دو طرفہ سیریز کے لیے ہمیشہ مثبت سوچ رکھی ہے اور قدم بڑھایا ہے لیکن بھارت نے اس کا جواب مثبت نہیں دیا ہے اور چونکہ وہ ایک طاقتور ملک ہے لہٰذا اس میں تکبر کا عنصر بھی نمایاں ہے اور وہ اس معاملے میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت کوآگے قدم بڑھانا چاہیے، پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کھیلنے سے دوریاں ختم ہوں گی اور دوستی بڑھے گی،عمران خان نے بھارت کے ہاتھوں پاکستانی ٹیم کی شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے ٹیلنٹ سے انصاف نہیں کیا، اگر یہ شکست مقابلہ کرکے ہوتی تو دکھ نہیں ہوتا لیکن یہ مقابلہ یکطرفہ رہا جو مایوس کن ہے۔

مقبول خبریں