سوچتی ہوں لاہور آنے میں بڑی دیر کردی زینت امان

لاہور کی خوبصورتی اور ہریالی دیکھ کر دِل خوش ہوگیا‘ ماضی کی ممتاز بھارتی اداکارہ زینت امان سے بات چیت


Qaiser Iftikhar March 22, 2016
لاہور کی خوبصورتی اور ہریالی دیکھ کر دِل خوش ہوگیا‘ ماضی کی ممتاز بھارتی اداکارہ زینت امان سے بات چیت فوٹو : طارق حسن

موسم بہارمیں ویسے توملک بھرمیں فنی سرگرمیاں عروج پرہوتی ہیں لیکن زندہ دل لوگوں کا شہرلاہورتوہمیشہ ہی فنون لطیفہ کی یادگارسرگرمیوں کا محوربنا رہتا ہے۔ فیشن ویک ہوںیا فلموں کے پریمئر، میوزک پروگرام ہوں یا مصوری کی نمائش ، فن کے دلدادہ لوگوں کی توجہ ان پروگراموں پر مرکوزرہتی ہے۔



خاص طورپربالی وڈ فنکاروںکی آمد سے تواس شہر کے باسی مہمان نوازی کی اپنی روایت کو برقراررکھتے ہوئے ایسی تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں جواپنی مثال آپ ہوتی ہیں۔ گزشتہ دنوں اداکاررضامراد اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ یہاں موجود تھے اوراب ماضی کی معروف بھارتی اداکارہ زینت امان ، پلے بیک سنگرریکھا بھردواج ، وی جے اینڈی، گلوکارشیوم، فیشن کوریوگرافرپرسادبڈاپا اور ایونٹ آرگنائزرراکیش سبروال کے علاوہ امریکہ سے ایونٹ آرگنائزرنتاشا خان سمیت دیگر''شان پاکستان '' کے بینرتلے تین روزہ ایونٹ میں شرکت کیلئے لاہورمیں موجود ہیں۔

ہفتہ کے روز واہگہ بارڈرکے راستے لاہور پہنچنے پربھارتی مہمانوں کا پرتپاک استقبال معروف ڈیزائنرہما نصرنے کیا اوراس کے بعد معروف سماجی شخصیت میاں یوسف صلاح الدین کی جانب سے اندرون شہرمیں موجود تاریخی حویلی بارودخانہ میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا ، جہاں پاکستان کے معروف گلوکارعاطف اسلم ، میشا شفیع اورفیشن انڈسٹری کے علاوہ بہت سی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس دوران بھارتی مہمان تقریب کے شرکاء کی توجہ کا مرکزبنے رہے۔

کوئی سیلفی بنوانے کیلئے بے تاب دکھائی دیا توکوئی آٹوگراف لینے کی دیرینہ خواہش پوری کررہا تھا۔ یہی نہیں اتوارکے روزمقامی ہوٹل میں بھی پرستاروںکا تانتا بندھا رہا۔ زینت امان اورریکھا بھردواج کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ ہوٹل کا رخ کرتے رہے۔



دوسری جانب برسوں سے لاہوردیکھنے اوراس کی سیر کرنے کی خواہشمند زینت امان نے توجہاں مزے مزے کے پکوان کھائے، وہیں اپنی فیملی اورقریبی دوستوں کیلئے بہت سی شاپنگ بھی کرڈالی۔ اپنے مصروف شیڈول کے باوجود زینت امان نے ''ایکسپریس'' کوخصوصی انٹرویودیتے ہوئے اپنے کیرئیر اورپاکستان یاترا کے حوالے سے دلچسپ گفتگو کی، جوقارئین کی نذرہے۔

زینت امان نے بتایا کہ جب میرافلمی کیرئیرعروج پرتھا توپاکستان سے بھارت جانے والے وفود ہمارے ملک کے عظیم اداکاردلیپ کمار سے ملاقات کیلئے جاتے تھے۔ اس موقع پران کی اہلیہ سائرہ بانو مجھے اکثرفون پریہ اطلاع دیتی تھیں کہ وفد میں شامل تمام لوگ جہاں دلیپ کمارسے دیرتک گپ شپ لگاتے ہیں ، وہیں وہ میرے بارے میں بھی ضرور پوچھتے اورملنے کی خواہش کا اظہارکرتے۔ یہ وہ لمحات تھے جب مجھے اندازہ ہوا کہ پاکستان میں مجھے پیارکرنے والوں کی بڑی تعداد بستی ہے۔

لیکن قسمت کی بات ہے کہ میں اس وقت لاہورنہ آسکی۔ میں نے لاہور آنے میں بہت دیرکردی، یہاں آکرمحسوس ہوا ہے کہ مجھے بہت پہلے آجانا چاہئے تھا۔ یہاں کے لوگوںکی مہمان نوازی کے قصے توبہت سے سن رکھے تھے اوربھارت سے جوفنکاریہاں آچکے ہیں ، وہ بھی ہمیشہ یہاں پر گزرے لمحات کوبیان کرنے لگتے توکئی گھنٹے بیت جاتے مگروہ چپ نہ کرتے۔ یہ سب وہ باتیں تھیں جن کے بارے میں جان کر مجھے یوںلگتا تھا کہ میں نے پاکستان جانے میں بہت دیرکردی ہے۔



اب اس دھرتی پرآچکی ہوں تولوگوںکا انمول پیاردیکھ کربہت خوش ہوں۔ میں مختصردورے پرپاکستان آئی ہوں لیکن اس دوران مجھے تاریخی اندرون شہردیکھنے کی بہت خواہش ہے، جس کو پوراکروں گی، لاہورکے کھانوں کی بہت تعریف سن رکھی تھی اسی لئے لاہورکا سپیشل پلاؤ چنے والا ، سرسوں کا ساگ اورمکئی کی روٹی کھا کربہت مزہ آیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہورکی خوبصورت سڑکیں اورہریالی دیکھ کردل بہت خوش ہوا۔ اس کے علاوہ تاریخی شہر کوبڑی مہارت اورمحنت سے سجایا گیا ہے۔

یہاں کے کھانے لاجواب ہیں ، جہاں تک بات یہاں سے شاپنگ کرنے کی ہے تولاہورآمد کے پہلے روزہی شاپنگ کی اننگز شروع کرتے ہوئے اپنی دوستوں کیلئے بہت سے ڈریسزخرید لئے۔ اس کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ پاکستانی ڈیزائنرزکے ملبوسات بھارت میں بے حد پسند کئے جاتے ہیں۔ ہندوستانی لڑکیاں پاکستانی فیشن کے بارے میں دیوانی ہیں۔ خاص طورپرلان کے سوٹ بہت پسند کئے جاتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں زینت امان نے کہا کہ بالی وڈ میں کام کرنے والے بہت سے معروف فنکاروںکا تعلق پشاور سے ہیں اورمجھے یہ جان کربے حدخوشی ہوئی کہ ایک زمانے میں لاہور فلمسازی کا مرکز ہوا کرتا تھا۔ اس لئے مجھے یہاں آکر بہت اچھا لگا رہا ہے۔ جہاں تک بات موجودہ اداکاراؤں میں زینت امان تلاش کرنے کی ہے توسب کی اپنی ایک الگ پہچان ہے۔ دیپکاپڈوکون اورپریانکاچوپڑا خوبصورت ہونے کے ساتھ باصلاحیت اداکارائیں ہیں، ان کا کسی سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔

چیئرٹی ورک کے حوالے سے زینت امان کا کہنا تھا کہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیتی ہوں، عمران خان کے ہسپتال کیلئے چیئرٹی کرنا ہو یا کسی اورکیلئے میں اس میں بھرپورحصہ لونگی اوراس کیلئے دوبارہ پاکستان آنا پڑے توضرورآؤنگی۔



مختصرانٹرویوکے اختتام پرزینت امان نے کہا کہ میں نے اپنے فنی کیرئیر کے دوران بہت سے یادگارکردارنبھائے ہیں اوراب ایسی کوئی خواہش نہیں رہی کہ جس کوپوراکرنے کیلئے کوئی نیا کردارکروں۔ اب تومیرے بچے بڑے ہوگئے ہیں اوران کی کامیابی کی خواہشمند ہوں۔ میرے بیٹے نے ایک فلم بنائی ہے جس میں پاکستان سے ہیرومنتخب کیا گیا ہے، میں چاہتی ہوں کہ جس طرح پاکستانیوں نے مجھے پیاردیا ہے، اسی طرح میرے بچے کی فلم کوبھی دیں اورسینما گھرجاکراس کے کام کودیکھیں اوراپنی نیک تمناؤں سے نوازیں۔



واضح رہے کہ شان پاکستان پروگرام کے تحت اتوارکی شب گریند میوزک پروگرام ہوا ۔ جس میں بھارتی گلوکارہ ریکھا بھردواج، شیوم اورپاکستان سے گلوکاراسراراورمائی ڈائی نے حصہ لیا۔ اس موقع پرزبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کیاگیا جس کودیکھ کرشرکاء جھومتے رہے۔ اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض بھارتی چینل کے معروف وی جے اینڈی اورانوشے نے انجام دیئے ۔ شان پاکستان کے رنگارنگ میوزک پروگرام میں بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارعاطف اسلم، حدیقہ کیانی، فریحہ پرویز، مصطفیٰ زاہد، نعمان جاوید، عارف بٹ ، عمران حیات ، سپرماڈل واداکارہ صائمہ اظہر، ماہی علی اورراشد خواجہ سمیت دیگرموجود تھے ، جنہوں نے رات گئے تک پروگرام کوانجوائے کیا اورگلوکاروںکو عمدہ پرفارمنس پرخوب داد بھی دی۔

مقبول خبریں