ورلڈ ٹوئنٹی 20 فائنل چھکوں کے بادشاہ کا بھی فیصلہ

ویسٹ انڈیز36 سکسرز کے ساتھ ٹاپ پر موجود، انگلینڈ کی ٹیم صرف 2 قدم پیچھے


Sports Desk April 03, 2016
کرس گیل کو چھکوں کی سنچری کیلیے مزید 2 مرتبہ گیند کو باہر اچھالنے کی ضرورت۔ فوٹو: فائل

ورلڈ ٹوئنٹی 20 فائنل میں چھکوں کے بادشاہ کا بھی فیصلہ ہوگا، حالیہ ایونٹ میں ویسٹ انڈیز سب سے زیادہ 36 سکسرز کے ساتھ ٹاپ پر ہے، انگلینڈ اس معاملے میں صرف 2 قدم پیچھے ہے۔

تفصیلات کے مطابق کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں اتوار کو شیڈول فائنل میں کئی ریکارڈز بھی ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے منتظر ہیں، اب تک بھارت میں جاری اس ٹورنامنٹ میں سپر 10 مرحلے کے آغاز کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 36 چھکے جڑے گئے،انگلینڈ 34 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

اس عرصے میں صرف یہی دو ٹیمیں ہی 30 سے زائد چھکے جڑ پائی ہیں۔ ہارڈ ہٹر کرس گیل کو ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں چھکوں کی سنچری مکمل کرنے کیلیے مزید دو بار گیند کو باؤنڈری کے باہر اچھالنا ہے۔ آئی سی سی ایونٹس میں ویسٹ انڈیز کا انگلینڈ سے دو مرتبہ فائنلز میں سامنا ہوا، دونوں بار ہی اسی نے کامیابی حاصل کی، ابتدائی ورلڈ کپ اور 2004 کی چیمپئنز ٹرافی وہ ایونٹس تھے۔ دیگر کثیرالملکی ٹورنامنٹس میں دونوں ٹیمیں تین بار مدمقابل آئیں، جس میں سے کیریبیئن ٹیم دو بار جیتی جبکہ 1997 میں شارجہ میں اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

اتوار کے فائنل سے قبل ایونٹ کے ٹاپ اسکورر کی فہرست میں جوئے روٹ چوتھے نمبر ہیں، وہ ٹاپ پر موجود تمیم اقبال سے پورے 100 رنز پیچھے ہیں، ان بیٹسمینوں میں جنھوں نے پہلا کوالیفائی راؤنڈ نہیں کھیلا بھارتی ویرات کوہلی 273 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ گذشتہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 اور حالیہ ٹورنامنٹ کے درمیان میں ویسٹ انڈیز نے اس فارمیٹ کے 8 مکمل میچز کھیلے،ایک مقابلہ بے نتیجہ رہا تھا،انگلینڈ نے اس دوران 9 میچز میں حصہ لیا۔

مقبول خبریں