نئے کرکٹ کوچ کیلئے ’ہرفن مولا‘ کی تلاش شروع

امیدوار کو گیم پلاننگ ،اسٹریٹجیزکی تیاری، کمپیوٹر لٹریسی، کوچنگ سافٹ ویئرز کے استعمال کا گُرمعلوم ہونا چاہیے۔


Sports Desk April 06, 2016
امیدوار کو گیم پلاننگ ،اسٹریٹجیزکی تیاری، کمپیوٹر لٹریسی، کوچنگ سافٹ ویئرز کے استعمال کا گُرمعلوم ہونا چاہیے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ کیلیے 'ہرفن مولا' کی تلاش شروع کردی، امیدوار کو گیم پلاننگ ،اسٹریٹجیزکی تیاری،کمپیوٹر لٹریسی، کوچنگ سافٹ ویئرز کے استعمال کا گُر معلوم ہونا چاہیے۔

کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا اندازہ لگانے، پرفارمنس بڑھانے، انٹرنیشنل رینکنگ کو بہتر بنانے کی قابلیت رکھتا ہو، خود سابق انٹرنیشنل پلیئرہونا اور ٹاپ لیول پر کوچنگ کا پانچ برس کا تجربہ بھی ضروری ہے۔ تفصیلات کے مطابق وقار یونس کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد پی سی بی نے نئے ہیڈ کوچ کیلیے اشتہار جاری کردیا جس میں امیدوار کیلیے کڑی شرائط عائد کی گئی ہیں۔

کوچ کی ذمہ داری میں گیم پلاننگ، اسٹریٹجیزبنانا، ایونٹ سے قبل کی تیاری، کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور تیاریوں کا جائزہ لینا، پرفارمنس بہتر بنانا، انٹرنیشنل رینکنگ میں بہتری، سپورٹ اسٹاف کی مدد سے پلیئرز کا فٹنس معیار بلند کرنا، انفرادی طور پر پلیئرز کی انٹرنیشنل مقابلوں کیلیے صلاحیتوں کو بہتر بنانااور انٹرنیشنل ضروریات کے مطابق ٹیم کلچر تشکیل دینا شامل ہے۔

امیدوار کیلیے ضروری ہے کہ وہ ہیڈ کوچ کی حیثیت سے قومی یا انٹرنیشنل سطح پر کم سے کم پانچ برس تک خدمات انجام دے چکا ہو، سابق انٹرنیشنل کرکٹر کو ترجیح دی جائے گی، اگر فرسٹ کلاس کرکٹرز اسی حیثیت سے دس برس کا تجربہ رکھتے ہیں تو وہ بھی درخواست دینے کے اہل ہوں گے، امیدوار کو انٹرنیشنل معیار کے تحت کرکٹرز کی کامیابی سے کوچنگ کا تجربہ ہونا چاہیے، انفرادی طور پر پلیئرز کی پرفارمنس میں بہتری کی انتہائی قابلیت، انتہائی مضبوط قائدانہ اور انتظامی صلاحیتوں کا حامل ہونا، کمپیوٹر پروگرامز مائیکرو سافٹ آفس وغیرہ کی سوجھ بوجھ رکھنا، اس کے ساتھ کوچنگ سافٹ ویئرز 'سلیکون کوچ، ڈارفش، کرک اسٹیٹ' وغیرہ میں مہارت رکھنے والے کو ترجیح دی جائے گی۔

ان تمام خصوصیات کے حامل امیدواروں کو 25 اپریل تک پی سی بی کے ہیڈ آفس کے پتے پر اپنی درخواستیں بھیجنے کی ہدایت کرنے کے ساتھ یہ بھی واضح کردیا گیا کہ صرف 'شارٹ لسٹ' امیدواروں کو ہی انٹرویوز کیلیے مدعو کیا جائے گا، انھیں ٹی اے ڈی اے بھی نہیں ملے گا۔

مقبول خبریں