جدید سنیما گھروں سے فلموں کا معیار بہتر ہوا میوزک پر توجہ دینا ہوگی زیب

 فلم انڈسٹری کا ماضی سب کے سامنے ہے ہمارے موسیقاروں نے ایسی دھنیں ترتیب دیں کہ ان گیتوں کوآج تک سنا جاتا ہے


Qaiser Iftikhar May 07, 2016
شائقین دوبارہ سینما گھروں کا رخ کر رہے ہیں،نوجوان میوزک ڈائریکٹرز کوآگے آناہوگا، معروفگلوکارہ واداکارہ کی گفتگو فوٹو : فائل

لاہور: معروف گلوکارہ واداکارہ زیب نے کہا ہے کہ جدید طرز کے سینما گھربننے کے بعد پاکستانی فلموں کامعیار بہترہوا ہے لیکن میوزک پرخاص توجہ نہیں دی جارہی۔

نوجوان فلم سازوںکومیوزک کے شعبے کو اہمیت دینی چاہیے کیونکہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں کروڑوں روپے کا بزنس کرنے والی فلموں کی کامیابی میں میوزک کا کردارسب سے نمایاں ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار زیب نے '' ایکسپریس '' سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کے ماضی کی بات کی جائے توفلمی میوزک کی تاریخ سب کے سامنے ہے۔

ہمارے ملک کے معروف موسیقاروں نے ایسی دھنیں ترتیب دیں کہ ان گیتوں کوآج تک سنا جاتا ہے۔ اسی طرح بطورپلے بیک سنگرملکہ ترنم نورجہاں، شہنشاہ غزل مہدی حسن، اے نیئر، مہناز، اخلاق احمد اورناہید اخترسمیت دیگر نے ایسے یادگارگیت گائے کہ ان کو آج کی نوجوان نسل بڑے شوق سے سنتی ہے بلکہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں بھی بہت سے گیتوں کی دھنیں اورشاعری کوکاپی کیا گیا۔

انھوں نے کہاکہ پاکستان اوربھارت میں بننے والی فلموں میں ہمیشہ سے ہی میوزک کوبہت اہمیت حاصل رہی ہے۔ ماضی میں توایسی بھی بہت سی مثالیں ملتی ہیں کہ فلم کی کہانی بری طرح فلاپ ہوئی ہے مگرمیوزک کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد سینماگھروں کارخ کرتی رہی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ پاکستان میں بننے والی جدید ٹیکنالوجی کی فلموں میں میوزک پرخاص توجہ دی جائے۔ ایک سوال کے جواب میں زیب نے کہا کہ جس طرح نوجوان فلم میکرز اس شعبے میں آگے آرہے ہیں، اسی طرح نوجوان میوزک ڈائریکٹرزاورمیوزک ارینجرز کوبھی اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے سامنے آنا چاہیے۔

یہ وہ وقت ہے جب پاکستان فلم انڈسٹری ترقی کی راہ پرگامزن ہوئی ہے۔ شائقین نے سینما گھروں کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے۔ صاف ستھراماحول اور کھانے پینے کی معیاری اشیاء کی وجہ سے سینما گھر دوبارہ سے عوام کی سب سے پسندیدہ اورسستی تفریح بن گئے۔ اس سلسلہ کوآگے بڑھانے کے لیے اچھی فلموں کے ساتھ ساتھ اچھا میوزک بھی دینا ہوگا تاکہ پاکستان میں میوزک انڈسٹری کی بحالی ہواوریہاں پرمیوزک کمپنیاں دوبارہ سے کام کرنے لگیں۔

مقبول خبریں