ایکسپریس کے زیر اہتمام ایجوکیشن ایکسپو جاری سینئر فنکاروں کو شیلڈز پیش

سینئرمنیجرمارکیٹنگ ایکسپریس میڈیا گروپ ندیم مراد نے گلوکار رشدمحمود،عامر سلیم اور ڈرامہ رائٹر وکیل فاروقی کو شیلڈزدیں


فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرکے اچھی مثال قائم کی گئی ہے، ایکسپریس ایجوکیشن ایکسپوانتہائی بامقصد ایونٹ ہے،فنکار۔ فوٹو: ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری 2 روزہ ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کے پہلے روز ثقافتی شعبہ میں طویل عرصے سے خدمات سرانجام دینے والے سینئر فنکاروں گلوکار ارشد محمود کو موسیقی میں 40 سال، اسٹیج ڈرامہ رائٹر، ڈائریکٹر وکیل فاروقی کو کیریئر کے 50 سال اور گلوکار عامر سلیم کو 25 سال مکمل کرنے پر ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے ایکسپریس کے سینئر مینیجر مارکیٹنگ ندیم مرا د نے یادگار شیلڈ پیش کی۔

ارشد محمود نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کو مستقبل کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ایکسپریس ایجوکیشن ایکسپو انتہائی بامقصد ایونٹ ہے، ہر شعبہ کی طرح موسیقی کا شوق رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی قابل تحسین ہے، اپنے ابتدائی دور میں 3 سال تو صرف ٹی وی اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کرتا رہا، موجودہ دور میں تو بہت زیادہ چینلز ہیں اگر یہ نوجوان گلوکاروں کی حوصلہ افزائی کریں تو بہت سا ٹیلنٹ سامنے آکر نمایاں ہوسکتا ہے۔ عامر سلیم نے کہا کہ یہ کیسٹوں اور البمز کے زوال کا دور ہے ،موسیقی پر حکومتی عدم توجہ کی وجہ سے بہت سے گلوکار، فنکار پس پردہ چلے گئے ہیں، انھوں نے کہا کہ وہ پاکستانی لوک ثقافت کو نمایاں کرنے کے لیے نئے فوک گیتوں پر کام کررہے ہیں۔

ایکسپریس نے سینئر فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرکے اچھی مثال قائم کی ہے۔ اسٹیج کے سینئر ڈرامہ رائٹر پروڈیوسر وکیل فاروقی نے کہا کہ 50 سال کا طویل عرصہ فن کے لیے وقف کیا، ایکسپریس نے حوصلہ افزائی کرکے تروتازہ کردیا ہے کوئی میڈیا گروپ اتنے بڑے پیمانے پر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی نہیں کررہا ہے۔ایجوکیشن ایکسپو میں آکر نوجوانوں کی بڑی تعداد کو دیکھ کر دل سے دعا نکلی ہے کہ اللہ ہمارے ملک و قوم کے نوجوانوں کا مستقبل روشن کرے، ان میں سے جو فنون لطیفہ کے حوالے سے آگے آنا چاہتے ہیں ایکسپریس گروپ کی طرح دیگر اداروں کو بھی ان کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے۔

مقبول خبریں