مسلسل ناکامیاں زمبابوین شائقین ضبط کا دامن چھوڑ بیٹھے

مقامی زبان میں کوستے رہے،پلیئرزکوحراست میں لے کرغداری کا مقدمہ چلایا جائے،مطالبہ


Sports Desk June 15, 2016
بھارت سے دوسرے ون ڈے میں شکست کے بعد لٹک کر جان دینے کا دل چاہ رہا تھا، کوچ ۔ فوٹو : فائل

لاہور: کھلاڑیوں کو حراست میں لینے اور غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کردیا، بھارت سے دوسرے میچ میں انھوں نے بینرز کے ذریعے غصے کا اظہار کیا، تعریفی گیت گانے کے بجائے مقامی زبان میں کوستے رہے، بھارتی کپتان دھونی سے مقابلہ نہ کرپانے پر معافی بھی مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق زمبابوین ٹیم بھارت سے جاری ون ڈے سیریز میں انتہائی مایوس کن کھیل پیش کرتے ہوئے ابتدائی دونوں میچز بُری طرح ہارگئی،کم تجربہ کار مہمان ٹیم کیخلاف اس کھیل پر مقامی شائقین بھی غصے میں آگئے۔ کوچ مکھایا این تینی کا کہنا ہے کہ دوسرے ون ڈے میں شکست کے بعد میرا دل چاہ رہا تھا کہ لٹک کرجان دے دوں۔ زمبابوے کرکٹ سپورٹرز یونین کی جانب سے دوسرے ون ڈے کے موقع پر باقاعدہ مظاہرہ کیا گیا، شائقین نے ٹیم کیخلاف بینرز اٹھا رکھے تھے، انھوں نے کھلاڑیوں کو گرفتار کرنے اور ان کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔

ایک بینر پر لکھا تھا کہ انھیں عمر بھر کے لیے جیل میں ڈال دینا چاہیے، ایک بینر پراپنی ٹیم کی جانب سے مقابلہ نہ کرپانے پر بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی سے معافی بھی مانگی گئی۔ ایک شخص کاکہنا تھا کہ ہم اپنی ٹیم سے ہر بار جیت نہیں چاہتے مگر کم سے کم مقابلہ تو کرنا چاہیے۔

ایک اور شائق نے کہا کہ 15 منٹ قبل ٹیم کا اسکور 3 وکٹ پر 106 رنز تھا، ووسی سبانڈا اور سکندر رضا اچھی بیٹنگ کررہے تھے مگر 15 منٹ بعد سب126پر آؤٹ ہوگئے تھے۔ میچ کے دوران بھی شائقین خوب شور مچاتے رہے جس کا وکٹ پر موجود بھارتی بیٹسمین بھی نوٹس لینے پر مجبور ہوگئے، اس دوران تعریفی گانوں کے بجائے مقامی زبان میں اپنے کھلاڑیوں کو کوسنا شروع کردیا گیا، ایک شخص نے زور سے کہا کہ کاش میں یہاں آکر وقت ضائع کرنے کے بجائے ملازمت پر چلاجاتا، اس پر دوسرے نے آواز لگائی کہ اچھا ہوا کہ میں بے روزگار ہوں۔ دوسری جانب زمبابوے کے قائمقام کوچ مکھایا این تینی اپنی ٹیم کی کارکردگی سے اتنے مایوس ہوئے کہ خودکشی کا سوچنے لگے، انھوں نے کہا کہ دوسرے ون ڈے میں شکست کے بعد میرا دل کررہا تھا کہ لٹک کر جان دے دوں، اگر کہیں قریب میں درخت ہوتا تو شاید میں ایسا کر بھی گزرتا۔

مقبول خبریں