پاکستان ٹیم کیلیے مشن ’امپاسبل‘ کا وقت قریب آپہنچا

انگلینڈ ’فتح‘ کرنے کا ارادہ دل میں لیے کھلاڑی آج لاہور میں ٹیم منیجر انتخاب عالم کورپورٹ کریں گے


Sports Desk June 16, 2016
کل نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی پلیئرز کے سامنے ’رونمائی‘ ، مشکل ترین ٹور کے حوالے سے خوف دور کرنے کی کوشش کریں گے،کوڈ آف کنڈکٹ یاد دلایا جائے گا فوٹو: پی سی بی

پاکستان ٹیم کیلیے مشن 'امپاسبل' کا وقت قریب آپہنچا، انگلینڈ 'فتح' کرنے کا ارادہ دل میں لیے کھلاڑی جمعرات کو لاہورمیں ٹیم منیجر انتخا عالم کو رپورٹ کرنے کے بعد افطار ڈنر کیلیے برطانوی سفارتخانے کے مہمان بنیں گے، جمعے کو نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی پلیئرز کے سامنے 'رونمائی' ہوگی، وہ مشکل ترین ٹور کے حوالے سے کھلاڑیوں کا خوف دور کرنے کی کوشش کریں گے، کوچ انگلش ٹیم کو اس کے میدانوں پر زیر کرنے کے حوالے سے حکمت عملی کا ابتدائی خاکہ بھی پیش کریں گے، ہفتے کو روانگی سے قبل انتخاب عالم پلیئرز کو کوڈ آف کنڈکٹ کا 'رٹا' لگوائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کا وقت قریب آ پہنچا ہے، کاکول ملٹری اکیڈمی میں سخت ترین مشقوں کے بعد کھلاڑیوں نے لاہور میں حبس زدہ موسم میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ کی۔ دوسری جانب کھلاڑیوں نے فیملیز کی ممکنہ 'جدائی' کے خلاف صدائے احتجاج بلند کردی، پلیئرز کو دشوار سفر میں اپنے گھر والوں کی ایک لمحے کیلیے بھی دوری قبول نہیں، انھوں نے بورڈ پر واضح کردیا کہ جب اخراجات وہ خود اٹھائیں گے تو فیملی کو ساتھ رکھنے سے روکا کیوں جارہا ہے، ذرائع کے مطابق جلد ہی مسئلے کا قابل قبول حل نکالا جائے گا۔

انضمام الحق کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ سے سیریز کی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کیا تو اس کے ساتھ ہی تربیتی کیمپ کے خاتمے کا اعلان بھی کر دیا گیا،10روز آرام کے بعد حتمی ٹیم کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جمعرات کی شام5 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹیم منیجر انتخاب عالم کو رپورٹ کریں، اسی شام کو پاکستانی ٹیم برطانوی سفارتخانے کی دعوت پر افطار ڈنر میں شرکت کرے گی، نومنتخب ہیڈ کوچ مکی آرتھر پاکستان آنے کے بعد پہلی بارجمعے کوپاکستانی ٹیم سے ملاقات کریں گے،جس میں ٹور کے حوالے سے حکمت عملی سے کھلاڑیوں کو آگاہ کیا جائے گا، اس موقع پر معاون کوچ مشتاق احمد سمیت بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور ٹیم منیجر انتخاب عالم بھی موجود ہوں گے۔

چیف کوچ پلیئرز کو باور کرائیں گے کہ سیریز کے آغاز میں اگر کوئی پلیئر ناکام رہا تو بھی اسے بھرپور سپورٹ کیا جائے گا،ٹیم منیجر انتخاب عالم کھلاڑیوں کو دورئہ انگلینڈ کے حوالے سے کوڈ آف کنڈکٹ کا سبق بھی پڑھائیں گے، ہفتے کوقومی کرکٹ ٹیم لاہور سے لندن روانہ ہوگی۔ دریں اثنا معلوم ہوا ہے کہ کھلاڑیوں نے بورڈ کی جانب سے فیملیز کو ساتھ لے جانے کے حوالے سے پالیسی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کردی ہے،حکام نے طویل ترین دورئہ انگلینڈ کے دوران صرف 2 ہفتوں کیلیے فیملیز کو اپنے ساتھ رکھنے کی اجازت دی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑی اس پر خوش نہیں ہیں، کچھ سینئرز نے حکام کے سامنے اپنے تحفظات بھی ظاہر کردیے، ابھی کچھ وقت باقی ہے اس لیے مسئلے کا قابل قبول حل نکالا جاسکتا ہے۔ ایک کھلاڑی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایک طویل اور سخت ٹور ہوگا جس میں فیملیز کی موجودگی پلیئرز کیلیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔ فیملیز کو ساتھ رکھنے کے اخراجات پلیئرز خود ہی برداشت کریں گے، اس لیے وہ سمجھتے ہیں کہ بورڈ کو اس حوالے سے کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کرنا چاہیے۔

مقبول خبریں