نواز زرداری سمجھوتا ایکسپریس روک کر دکھائیں گے عمران خان

ہمیں کسی کی مددکی ضرورت نہیں،ہم مقابلہ کرنا جانتے ہیں،تحریک انصاف ایک عوامی ادارہ بنے گی خاندانی کمپنی نہیں


INP November 25, 2012
پتا چلنا چاہیے کہ ایمپائروں کو ساتھ ملا کر کھیلنے والے کون ہیںاورکتنی باریاں لیں گے،فیصل آباد کے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پارٹی کومزیدفعال اور مضبوط بنانے کیلیے جلدتنظیم سازی کا عمل شروع کردیا جائیگا۔

اس سلسلے تحریک انصاف کا پیغام عام کرنے کے لیے کارکن سرگرم عمل ہو جائیں،صدرزرداری اور نوازشریف بھائی ہیں اوردونوں سمجھوتہ ایکسپریس میں بیٹھے ہیں اور ہم اس سمجھوتہ ایکسپریس کوروک کر ٹرینیں چلا کر دکھائیں گے ہمیں کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہم مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔وہ تحریک انصاف فیصل آباد کے سٹی صدر لطیف نذراورنائب صدر شہزاد یونس شیخ سے لاہور میں ملاقات کے دوران گفتگوکر رہے تھے۔

عمران خان نے کہاکہ آئندہ الیکشن کے موقع پر ملک دشمن پارٹیوں کوکلین بولڈ کر دیاجائے گا۔پہلے مقابلہ کھلاڑیوں سے تھا اب ان سیاسی مگرمچھوں سے ہے جو سارے مل کر سپریم کورٹ پرحملہ کرتے ہیں۔میاں صاحب اورکتنی باریاں لیں گے مہران بنک کیس میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوناچاہیے اور پتا چلنا چاہیے کہ ایمپائروں کو ساتھ ملا کر کھیلنے والے کون ہیں وزیراعظم اپنی کرپشن چھپانے کے لیے صدرکو تحفظ دے رہے ہیں۔انھوں نے مزیدکہا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہوگی جس کے ممبراپنی قیادت کو خود چنیں گے۔ہم اپنی پارٹی میں میڈیاکے سامنے انتخابات کرائیں گے ،اس جماعت میں نوجوان خودبھی لیڈربن سکتے ہیں۔تحریک انصاف ایک ادارہ بنے گی خاندانی جماعت یا خاندانی کمپنی نہیں بنے گی۔

مقبول خبریں