پیپلزپارٹی سے مخالفت پرکسی سے اتحادنہیں کرسکتے غنویٰ بھٹو

نیا بلدیاتی نظام برطانوی راج کے نفاذ اور سندھ کی تقسیم کی سازش ہے، پریس کانفرنس.


News Agencies November 28, 2012
کراچی کے حالات کی خرابی میں اے این پی ،پی پی اور ایم کیو ایم تینوں ملوث ہیں۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی شہید بھٹو گروپ کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس برطانوی راج کا تسلسل ہے اور یہ براہ راست سندھ کی تقسیم کی سازش ہے ۔

مقامی حکومت کے اس نظام کے نفاذ سے بڑے شہروں پر یورپی یونین اور ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کا قبضہ ہو جائے گا۔ منگل کو یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران غنویٰ بھٹو کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی صرف پیپلزپارٹی سے مخالفت کی بنیاد پر کسی دوسری جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی۔کراچی کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے غنویٰ بھٹو نے کہا کہ بھتا خوری کی وجہ سے کراچی کے حالات خراب ہوئے اور بھتا خوری کی اس لعنت میں بڑی سیاسی جماعتیں عوامی نیشنل پارٹی، ایم کیو ایم اور حکمراں پیپلزپارٹی ملوث ہیں۔

غنویٰ بھٹو نے کہا کہ سندھ میں مقامی حکومتوں کے نظام سے کسان اور مزدور اقلیتوں سے کم تر سلوک کا شکار ہوں گے جبکہ نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے ذریعے عملاً سندھ کی تقسیم کی سازش ہو رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اس سازش کو ناکام بنا دیں گے ۔اپنے بچوں ذوالفقار بھٹو جونیئر اور فاطمہ بھٹو کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے غنویٰ بھٹو کا کہنا تھا کہ ان کے بچوں کا ابھی عملی سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

مقبول خبریں