امریکا کی الزام تراشی کی روش مشترکہ مفادات کے حصول میں مشکلات پیدا کرسکتی ہے وزیرداخلہ

غیرضروری تنقید کے بعد کی صورتحال پرامریکی پارلیمنٹیرینزکونہ احساس ہے اور نہ ہی ادراک،چوہدری نثار کی امریکی سفیرسےگفتگو


ویب ڈیسک July 14, 2016
غیرضروری تنقید کے بعد کی صورتحال پرامریکی پارلیمنٹیرینزکونہ احساس ہے اور نہ ہی ادراک،چوہدری نثار کی امریکی سفیرسےگفتگو فوٹو: پی آئی ڈی

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ امریکا کی غیر ضروری نقطہ چینی اور الزام تراشی کی روش مشترکہ مفادات کے حصول میں مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے سیکیورٹی اور امیگریشن کے حوالے سے وزارت داخلہ اور وفاقی تحقیقاتی ادارے کے کردار اور اقدامات کی تعریف کی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں پر غیر ضروری نقطہ چینی اور الزام تراشی کی روش مشترکہ مفادات کے حصول کی راہ میں مشکلات پیداکر سکتی ہے، امریکی پارلیمنٹیرینز کو اس کا نہ احساس ہے اور نہ ہی ادراک، ایسے بیانات سے پاکستان کے اندر امریکا کے بارے میں شدید ردعمل پایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ خصوصاً آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں اور خطے میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرتی ہے، دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیاں نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے محفوظ مستقبل کے لئے ہماری مخلصانہ کوششوں کی عکاس ہیں۔

مقبول خبریں