یوٹیلٹی اسٹورزمیں کرپشنمہنگی اشیاکی فروخت کاانکشاف

قائمہ کمیٹی سینیٹ کااجلاس،رپورٹس طلب، آٹو سیکٹر کو درست معلومات دینے کی ہدایت


Khususi Reporter August 17, 2016
قائمہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی کی بھی سفارش کردی۔ فوٹو : فائل

KARACHI: یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن میں 70کروڑ سے زائد کی کرپشن اور اشیا مارکیٹ کی نسبت مہنگی وغیرمعیاری فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے، بدعنوانی کے 119 کیسز درج کیے گئے اور صوبہ بلوچستان کے 3 کیسز میں37کروڑ روپے کے قریب کرپشن کی گئی۔

یہ انکشاف سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے اجلاس میں کیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر ہدایت اللہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ وہیکل رولز1969 کا وزارت مواصلات جائز لے رہی ہے اور ایک نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔گاڑیوں کے معیار کے حوالے سے قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ٹویوٹا اور سوزوکی کمپنی نے معیار کے متعلق رپورٹ پیش نہیں کی البتہ ہونڈا کمپنی نے رپورٹ پیش کر دی ہے اور مانیٹرنگ سسٹم کو بہتر کیا جا رہا ہے۔

قائمہ کمیٹی کو گاڑیوں کی طلب و سپلائی کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس پر کمیٹی نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صحیح و مکمل معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ قائمہ کمیٹی نے یوٹیلٹی اسٹور کارپویشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کی آئے دن تبدیلی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مستقل ایم ڈی تقرر کرنے کی سفارش کر دی۔ اراکین کمیٹی نے کہاکہ سابقہ ادوار میں جو کرپشن کے معاملات ہوئے ہیں ان کا حساب بھی سامنے لایا جائے اور ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

اس موقع رکن کمیٹی میر عتیق اور چیئرمین بورڈ یوٹیلٹی اسٹورز کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی تاہم چیئرمین بورڈ نے بعدازاں معافی مانگ لی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر ہدایت اللہ نے یوٹیلٹی اسٹور کارپویشن بورڈ کے ممبران کی تمام تر تفصیلات آئندہ اجلاس میں طلب کر لیں۔ قائمہ کمیٹی نے جون2015 سے جون2016 کی آڈٹ رپورٹ، سبسڈی، فائدہ، نقصان کی تفصیلات بھی طلب کر لیں اور2012-13 کی آڈٹ رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ قائمہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی کی بھی سفارش کردی۔

مقبول خبریں