شریف برادران بجلی لانے کے نام پر مال بنارہے ہیں چوہدری پرویز الہیٰ

قائد اعظم سولر پاور اور نندی پورپروجیکٹ سے ڈالر بنائے گئے ہیں، صدر مسلم لیگ (ق) پنجاب


ویب ڈیسک August 21, 2016
ماڈل ٹاؤن میں فائرنگ سے لاشیں گریں تب بھی انھیں علم نہیں تھا، پرویز الہیٰ: فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی لانے کے نام پر مال بنایا جارہاہے اور قائد اعظم سولر پاور اور نندی پور پروجیکٹ سے بھی ڈالر بنائے گئے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین پر ہائی کورٹ کا فیصلہ قابل تحسین ہے، ہائی کورٹ نےلاہور کو قومی ورثےسےمحروم ہونے سے بچایا، مسلم لیگ (ق) کی پنجاب حکومت نے 2005 میں لاہور میں زیر زمین ریلوے منصوبہ بنایا تھا۔ ہمارے منصوبے کے تحت ہردس منٹ ٹرین آنی تھی اور یہ منصوبہ سبسڈی فری تھا ۔ اس منصوبے میں لاہور کی تاریخی ورثے کو کوئی نقصان نہیں پہنچنا تھا کیونکہ اقوام متحدہ کا ذیلی اداراہ یونیسکو قومی ورثے کو تحفظ دینے کے بھی پیسے دیتا ہے۔ بھارت میں بھی اس قسم کے منصوبوں میں تاریخی عمارتوں کو متاثر نہیں کیا گیا۔

اس خبرکو بھی پڑھیں:اورنج لائن ٹرین منصوبے پر کام روکنے کا حکم

چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا کہ ملک میں بجلی لانے کے نام پر مال بنایا جارہاہے، قائد اعظم سولر پاور اورنندی پورپروجیکٹ سے ڈالر بنائے گئے، ہمارے منصوبے میں کمائی نہیں تھی اس لئے حکمرانوں نے تبدیل کردیا۔ انصاف ہوا توپنجاب کے حکمران بے نقاب ہوں گے، اورنج لائن منصوبے کا نقصان شہباز شریف کی املاک بیچ کر پورا کیا جائے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بچوں کے اغوا کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ شامل کرنے کا مطالبہ

پنجاب میں بچوں کے اغوا سے متعلق مسلم لیگ (ق) کے رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب سے600 بچے اغوا ہوئے جن میں 200 بچوں کا تعلق صرف لاہور سے تھا لیکن شہباز شریف ان وارداتوں پر ٹس سے مس نہیں ہوئے، شہباز شریف کہتے ہیں انہیں بچوں کےاغوا کا کوئی علم نہیں۔ اس سے پہلے جب ماڈل ٹاؤن میں فائرنگ سے لاشیں گریں تب بھی انھیں علم نہیں تھا۔

مقبول خبریں