دہشت گردی کے قانون کا اطلاق پیپلزپارٹی کے رہنماؤں پر کیا جارہا ہے بلاول بھٹوزرداری

اب غورکررہے ہیں نیشنل ایکشن پلان پروفاقی حکومت کاساتھ چھوڑدیں، بلاول بھٹو کی ڈاکٹرعاصم کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو


ویب ڈیسک October 29, 2016
کراچی کامیئرجیل میں کیوں ہے جب کہ شہر کےساتھ غلط ہورہا ہے,،بلاول بھٹوزرداری۔ فوٹو؛ پی پی آئی/فائل

پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خلاف حکومتی کارروائی سے مطمئن نہیں ہوں جب کہ دہشت گردی کے قانون کا اطلاق پیپلزپارٹی کے رہنماؤں پر کیا جارہا ہے۔

سابق مشیر پیٹرولیم اور آصف زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم حسین کی جناح اسپتال کراچی میں عیادت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعاصم کو گرفتار کر کے کیا پیغام دیا جارہا ہے، ڈاکٹرعاصم نہ تو کوئی طالبان ہیں اور نہ ہی لال مسجد کے ملزم ہیں بلکہ وہ پیپلز پارٹی کے رہنما ہیں، وزیراعظم نوازشریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کےخلاف حکومت کی کارروائی سے مطمئن نہیں، دہشت گرد ہمارے سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید کررہے ہیں، میں خود دہشت گردی کا متاثرہوں کیوں کہ میری ماں محترمہ بے نظیربھٹوشہید ہوئیں، پیپلزپارٹی نے دہشت گردی کا ہمیشہ مقابلہ کیا، کیا ہم واقعی دہشت گردی کےخلاف لڑرہے ہیں، وزیراعظم نوازشریف امیرالمومین بنناچاہتے ہیں اوروہ وزارت داخلہ کو ذاتی مفاد کے لئے استعمال کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری پالیسی پر دوبارہ نظرثانی کی ضرورت ہے، دہشت گرد اسلام کے نام پرمعصوم لوگوں کا قتلِ عام کررہے ہیں، دہشت گردی کاقانون دہشت گردوں کیخلاف استعمال ہوتا ہے لیکن اس کا اطلاق پیپلزپارٹی کے رہنماؤں پر کیا جارہا ہے،

اس خبرکو بھی پڑھیں: تشدد کا عمل خوفزدہ ہونے کی علامت ہے حکومت برداشت سے کام لے

چیرمین پیپلزپارٹی کا کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے لئے ہم تمام سیاسی پارٹیوں کوایک پیج پرلائے ہیں لیکن اب غورکررہے ہیں ایکشن پلان پروفاقی حکومت کاساتھ چھوڑدیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قائم علی شاہ اورمرادعلی شاہ کوکراچی آپریشن کا کیپٹن کہنا سیاسی بیان ہے،مجھےسمجھ نہیں آتا کہ کراچی کامیئرجیل میں کیوں ہے جب کہ شہر کےساتھ غلط ہورہا ہے۔

اس سے قبل بلاول بھٹوزرداری ڈاکٹرعاصم کی عیادت کے لیے جناح اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے معالج سے ڈاکٹر عاصم کے علاج سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ بلاول بھٹوزرداری کا ڈاکٹر عاصم کی خیریت دریافت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں آپ کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں۔

مقبول خبریں