فاروق نائیک کو شکست پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ رشید اے رضوی سپریم کورٹ بار کے صدر منتخب

عاصمہ جہانگیر گروپ کو 6 سال بعد شکست ہوئی‘ سیکریٹری کی نشست پر آزاد امیدوار آفتاب باجوہ نے کامیابی حاصل کرلی


Numainda Express November 01, 2016
لاہور:سپریم کورٹ بار کے نومنتخب صدر رشید اے رضوی کا حامد خان و دیگر وکلا کے ساتھ گروپ ۔ فوٹو : ایکسپریس

لاہور: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پروفیشنل گروپ (حامد خان) سے تعلق رکھنے والے صدارتی امیدوار رشید اے رضوی نے عاصمہ جہانگیر گروپ کے فاروق ایچ نائیک کو229 ووٹوں سے شکست دیدی، عاصمہ جہانگیر گروپ کو 6سال بعد سپریم کورٹ بار کے انتخاب میں شکست ہوئی ہے۔

رشید اے رضوی تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار تھے جبکہ فاروق فاروق ایچ نائیک کو مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل تھی۔ رشید اے رضوی نے لاہور سے587، کراچی سے195 ووٹ حاصل کیے جبکہ فاروق ایچ نائیک لاہور سے424، کراچی سے131 ووٹ لے سکے، سیکرٹری کی سیٹ پرآزاد امیدوار آفتاب باجوہ نے عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار صفدر حسین تارڑ کو 115ووٹوں سے ہرایا۔

آفتاب احمد باجوہ نے لاہورسے 474 ووٹ لیے جبکہ ان کے مدمقابل نے 511 ووٹ لئے ، نائب صدر پنجاب کی سیٹ پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار بختیاراحمد سیال نے573 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرلی۔ انتخابات میں 2651 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ رشید اے رضوی پاکستان بارکونسل کے رکن اور وکلاسیاست کا بڑا نام ہیں۔ عدلیہ بحالی تحریک میں ان کی خدمات کو اہم سمجھا جاتاہے۔ جیتنے والے وکلا کے حامیوں نے جشن منایا اور مٹھائی تقسیم کی۔

مقبول خبریں