تاریخ سے سبق نہ سیکھنے والی قوموں کے جغرافیے تبدیل ہو جاتے ہیں

حکمرانوں کی بے حسی محصورین کی واپسی میں بڑی رکاوٹ ہے،سعید الزماں صدیقی.


Staff Reporter December 17, 2012
بنگلہ دیش میں پھنسے محصروین پاکستان کی سالمیت کیلیے بیش بہا قربانیاں دی ہیں

سابق چیف جسٹس آف پاکستان سعید الزماں صدیقی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی بے حسی محصورین کی پاکستان واپسی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

عالمی سطح پر پاکستان کے کمزور موقف نے اس انسانی مسئلے کو کمزور بنا دیا ہے، تاریخ سے سبق نہ سیکھنے والی قوموں کے جغرافیے تبدیل ہو جاتے ہیں ۔ وہ اتوار کومقامی آڈیٹوریم میں یوم سقوط ڈھاکا کے موقع پر سیمینار بعنوان '' سقوط ڈھاکا مقام عبرت یا ندامت '' پر خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر تحریک محصورین مشرقی پاکستان کے نو منتخب چیئر مین خواجہ سلمان خیر الدین ،میر نواز خان مروت ، حق نواز اختر ، نہال ہاشمی ایڈوکیٹ ، بلقیس خانم ، جنرل ( ر ) سکندر حیات ، حیدر علی حیدر اور دیگر بھی موجود تھے۔

سیمینار سے خطاب میںجسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے کہا کہ بنگلہ دیش میں پھنسے محصورین نے پاکستان کی سالمیت کے لیے بیش بہا قربانیاں دیں لیکن آج 41برس کا عرصہ بیت جانے کے باوجود ہم ان کی قربانیوں کا صلہ دینے میں ناکام رہے، انھوں نے کہا کہ اب تک جتنے بھی حکمران آئے، انھوں نے اس خالصتاً انسانی مسئلے پر بے حسی کا مظاہرہ کیا۔

07

یہ یاد رکھنا ہوگا کہ جو قومیں تاریخ سے سبق نہیں سیکھتی ان کے جغرافیہ تبدیل ہوتے زیادہ دیر نہیں لگتی ہے، جنرل (ر) سکندر حیات نے کہا کہ آج کے دن کو مقام عبرت کے طور پر منانا چاہیے ، محصورین کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ان کی وطن واپسی کی کوششیں تیز کرنی ہوگی۔

بنگلہ دیش کے کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے والے کل بھی پاکستانی تھے اور وہ ہمیشہ پاکستانی رہیں گے،نہال ہاشمی ایڈوکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے روز ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کے بجائے اس مسئلے کو حل نہ کرنے پر ہمیں اپنے کردار پر غور کرنا چاہیے ، ہم سے زیادہ محب وطن وہ محصورین ہیں جو اتنے خراب حالات میں بھی پاکستان کے لیے جان دینے کو تیار رہتے ہیں،ممتاز دانشور حق نواز اختر نے کہا کہ موجودہ پاکستان کے عوام کے پاس اگلا الیکشن آخری موقع ہے وہ جبر کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے محب وطن اور اسلام کے نام لیوائوں کو ووٹ دیں۔

مقبول خبریں