ٹریفک حادثات سے بچائو، 11مقامات پر پیڈسٹرین برج بنائے جائیں گے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 21 دسمبر 2012
ٹریفک نشانات واضح طور پر آویزاں اور سڑک کے سینٹر سے غیر ضروری کراسنگ ختم کی جائیں گی،محمد حسین سید ،تعمیراتی کا موں کا دورہ۔ فوٹو: فائل

ٹریفک نشانات واضح طور پر آویزاں اور سڑک کے سینٹر سے غیر ضروری کراسنگ ختم کی جائیں گی،محمد حسین سید ،تعمیراتی کا موں کا دورہ۔ فوٹو: فائل

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک حادثات سے بچائو اور پیدل سڑک عبورکرنے والوں کو سہولت مہیا کرنے کیلیے گیارہ اہم مقامات پر بالائی گزرگاہیں (پیڈسٹرین برج ) بنائے جارہے ہیں جن کی تعمیر دو ماہ میں مکمل کرلی جائے گی۔

ان میں سے تین پیڈسٹرین برج شہید ملت ایکسپریس وے پر نصب کیے جائیں گے غلط سمت سے یوٹرن کا استعمال روکنے کیلیے ٹریفک پولیس کی مشاورت سے لائحہ عمل بنایا جارہا ہے جبکہ جن شاہراہوں پر ٹریفک نشانات غیر مبہم یا خراب ہوچکے ہیں وہاں ٹریفک نشانات واضح طور پر آویزاں کیے جائیںگے، فلائی اوورز اور شاہراہوں پر لگائے گئے کیٹ آئی کی مرمت و تبدیلی کے ساتھ ساتھ سڑکوں کے سینٹر سے غیر ضروری کراسنگ ختم کی جائیںگی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسٹیڈیم روڈ پر خاتون پاکستان کالج کے قریب بنا ئے جانیوالے ماڈل پیڈسٹرین برج کے دورے کے موقع پر کیا۔

02

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شاہراہ فیصل نزد نیو جناح ٹرمینل فلائی اوور، اسٹیدیم روڈ نزد خاتون پاکستان کالج آغا خان اسپتال ، شہید ملت ایکسپریس وے نزد اقرا یونیورسٹی ، شہید ملت ایکسپریس وے نزد اعظم بستی، شہید ملت ایکسپریس وے نزد منظور کالونی،گلستان جوہر نزد دارالصحت اسپتال، راشد منہاس روڈ نزد کے ڈی اے فلیٹس ،کورنگی نمبر 4گورنمنٹ کالج برائے خواتین ، ایم اے جناح روڈ نزد ہمدرد اسپتال ،کیپری سینیما ، نواب صدیق علی خان روڈ نزد فاروق اعظم مسجد اور شاہ ولی اللہ روڈ نزد کیفے ٹو ڈے پر برجز بنائے جائینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔