بھارت کے ساتھ ہر تصفیہ طلب مسئلے کے حل پر یقین رکھتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ویب ڈیسک  بدھ 30 نومبر 2016
ترجمان نے سندھ طاس معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے حوالے سے بھارت کے مذموم عزائم کی مذمت کی۔ فوٹو؛ فائل

ترجمان نے سندھ طاس معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے حوالے سے بھارت کے مذموم عزائم کی مذمت کی۔ فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ پاکستان بھارت کے ساتھ ہر تصفیہ طلب مسئلے کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں اس لیے شرکت کررہاہے کیونکہ یہ کانفرنس افغانستان سے متعلق ہے، پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام پر پختہ یقین رکھتا ہے، افغانستان میں امن علاقائی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے تحفظات کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں دس لاکھ سے زائد فوج تعینات کررکھی ہے جو دنیا کے کسی بھی علاقے میں تعینات سب سے زیادہ فوج ہے، مقبوضہ وادی میں بڑے پیمانے پر بھارتی فوج کی موجودگی اقوام متحدہ کی قرارداد پرعملدرآمد میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج گزشتہ چار ماہ سے بے گناہ لوگوں کو شہید اوربنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں خون ریزی کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ ہر تصفیہ طلب مسئلے کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے۔ نفیس ذکریا نے اقوام متحدہ سے کشمیر کے مسئلے پر پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ اپنی قرار داد پرعملدرآمد کرائے۔

ترجمان نے سندھ طاس معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے حوالے سے بھارت کے مذموم عزائم کی مذمت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔