’دلّی ریپ ‘جیسے واقعات کے لیے فلمیں ذمے دار نہیں، سوناکشی سنہا

نیٹ نیوز  بدھ 2 جنوری 2013
دلی زیادتی واقعہ  ایک شخص کی غلط پرورش کا نتیجہ ہے، سوناکشی سنہا۔ فوٹو : فائل

دلی زیادتی واقعہ ایک شخص کی غلط پرورش کا نتیجہ ہے، سوناکشی سنہا۔ فوٹو : فائل

ممبئی:  بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا دلی زیادتی کیس جیسے سانحات کے لیے فلمیں ذمے دار نہیں ہیں ۔

انھوں نے اس حوالے سے تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’اس حادثے کے بعد انٹرٹینمنٹ انڈسٹری پر انگلی اٹھانا صحیح بات نہیں ہے۔ ایسے جرم برسوں سے ہوتے آ رہے ہیں بلکہ کئی فلموں کے بعد ایسے حادثے نہیں بھی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ ایک شخص کی غلط پرورش کا نتیجہ ہے، بس اور کچھ نہیں۔اس حادثے کے بعد بالی وڈ کے کئی فنکاروں کی طرف سے ممبئی میں کینڈل لائٹ مارچ کیا گیا جس کے بارے میں سوناکشی کہتی ہیں ’اگر ایک آواز اٹھانی ہے تو ہم اٹھا سکتے ہیں لیکن اگر واقعی تبدیلی لانی ہے تو وہ قانون میں لانی ہوگی۔ سڑک پر مارچ کرنے سے کچھ خاص حاصل نہیں ہو گا۔

’مجھے بھی اس مارچ میں بلایا گیا تھا۔ پر پھر میں سوچ میں پڑ جاتی ہوں کہ یہ سب کرنے کے بعد کتنے لوگ ہیں جو پارٹی میں نہیں جائیں گے، نیا سال نہیں منائیں گے؟‘دلی میں زیادتی کے اس واقعے کے بعد فلم انڈسٹری میں نئے سال کا جشن بھی کم ہوا جس پر سوناکشی کہتی ہیں ’مجھے اچھا نہیں لگا۔ اس لیے میں نے نیا سال نہیں منایا۔ اگر کوئی مناتا ہے تو آپ اسے روک نہیں سکتے۔ یہ تو اخلاقی اقدار کی بات ہے۔ دل نہیں مان رہا ہے تو مت منائیں۔خیال رہے کہ سوناکشی کے علاوہ بالی وڈ کی کئی دیگر شخصیات نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قانون میں سخت تبدیلی لانے کی بات کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔