ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانا ترجیح ہے نواز شریف

 اجلاس سے خطاب ،صارفین کوآرایل این جی کنکشن دینے کی منظوری ایئرچیف بھی ملے


 اجلاس سے خطاب ،صارفین کوآرایل این جی کنکشن دینے کی منظوری ایئرچیف بھی ملے۔ فوٹو: فائل

GUJAR KHAN: وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے لوڈشیڈنگ فری پاکستان کے لیے درست سمت میں گامزن ہیں۔

گزشتہ روز توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 8 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی کی نئی پیداوارجون 2018ء سے قبل نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی، حکومت نہ صرف ملک میں توانائی کی موجودہ قلت کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے بلکہ توانائی کی آئندہ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے کام کے معیار اور استعداد پر سمجھوتہ کیے بغیر بجلی کے منصوبہ جات کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی نے گھریلو، صنعتی اور تجارتی صارفین کو ری گیسیفائیڈ لیکیوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) پر مبنی نئے کنکشن دینے کی بھی منظوری دی۔

دوسری جانب وفاقی سیکریٹری پانی و بجلی نے اجلاس کو رواں موسم میں درجہ حرارت میں جلد اضافہ اور ذخائر میں پانی کی سطح کم ہونے کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اضافے کے بارے میں آگاہ کیا، اجلاس کو بجلی کی طلب اور رسد کے بارے میں بھی بتایا گیا اورکہاگیا کہ 2017ء کے آخر تک 5710میگا واٹ بجلی نظام میں شامل ہو جائے گی، توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کی سفارشات توثیق کے لیے وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیگی۔

دوسری جانب وزیراعظم نے مادر وطن کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں پاک فضائیہ کے کردارکو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پاک فضائیہ کی مزید ترقی کے لیے تمام ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائیگی۔ انھوں نے یہ بات پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنھوں نے گزشتہ روز ایوان وزیراعظم میں ان سے ملاقات کی۔

علاوہ ازیں وزیرخزانہ اسحق ڈار، وزیرپانی و بجلی خواجہ آصف، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

مقبول خبریں