بھارتی کرکٹ میں بھونچال ایڈمنسٹریٹر گوہا مستعفی

عہدے چھوڑنے کی وجوہات بتادیں، بورڈ اسٹارز کرکٹرز کے آگے بے بس ہے، گوہا


Sports Desk June 03, 2017
نیشنل کوچز نے آئی پی ایل کیلیے ملکی ٹیم کو نظرانداز کیا، گاوسکر بھی زد میں آگئے۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ ایڈمنسٹریٹرز میں سے ایک راما چندرن گوہا نے عہدہ چھوڑدیا جبکہ انھوں نے استعفیٰ میں حیران کن انکشافات بھی کیے ہیں۔

کمیٹی چیئرمین ونود رائے کے نام بھیجے گئے استعفے میں گوہا نے اپنے فیصلے کی وجوہات بھی تحریر کیں۔ انھوں نے کئی معاملات پر شفافیت کے فقدان کو نمایاں کیا، انھوں نے بھارتی کرکٹ کے بڑے اسٹارز پر بھی شدید تنقید کی ہے، جن سے بورڈ حکام اور کمیٹی بھی ترجیحی سلوک کرتی ہے، انھوں نے اپنے خط میں 7 پوائنٹس کو واضح کیا ہے، سب سے پہلے ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ آف ایڈمنسٹریٹرز میں بھی مفادات کا تصادم پایا جاتا ہے، نیشنل کوچز نے آئی پی ایل کی خاطر نیشنل ٹیم کو نظرانداز کیا، جس میں انھوں نے ڈریوڈ کی مثال پیش کی، جو دہلی ڈیئرڈیولز کے کوچ ہونے کے علاوہ بھارتی ' اے ' اور جونیئر ٹیم کے بھی کوچ ہیں۔

گوہا نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ بی سی سی آئی کے زیرمعاہدہ کمنٹیٹر سنیل گاوسکر ایک پلیئر منیجمنٹ کمپنی کے سربراہ بھی ہیں، ٹیسٹ ٹیم سے باہر ہوجانے کے باوجود مہندرا سنگھ دھونی کو ' اے ' گریڈ معاہدہ دیا گیا، بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے معاملے کو بھی غیرپیشہ ورانہ انداز میں دیکھاگیا، چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر کمبلے کی ماضی کی عمدہ پرفارمنس کو نظرانداز کرکے ان کے تقرر کو متنازع بنادیاگیا، کرکٹ آف ایڈمنسٹریٹرز نے ڈومیسٹک کرکٹرز کو مکمل طور پر نظرانداز کررکھا ہے، انٹرنیشنل پلیئرز اور ان کے معاوضوں میں بڑی خلیج ہے۔

واضح رہے کہ کرکٹ آف ایڈمنسٹریٹرز نے غیراہل آفیشلز کی بی سی سی آئی میٹنگز میں شرکت کے معاملے پر خاموشی اختیار کررکھی ہے، سی او اے میں مرد کرکٹرز کی کمی محسوس کی جارہی ہے اور اس کیلیے انھوں نے اپنے طور پر جواگل سری ناتھ کا نام کمیٹی کے لیے تجویز بھی کیا ہے۔

مقبول خبریں