کوئٹہ میں 2 گروپوں میں تصادم 2 ہلاک 6 زخمی

جناح روڈ پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا،رکن صوبائی اسمبلی کا بھائی گارڈ سمیت گرفتار


Numainda Express July 06, 2017
کوئٹہ: جناح روڈ پر فائرنگ کے تبادلے کے دوران متاثر ہونے والی رکن صوبائی اسمبلی منظور کاکڑ کی گاڑی کے قریب پولیس اہلکار کھڑا ہے ۔ فوٹو : آئی این پی

ISLAMABAD: کوئٹہ میں جناح روڈ پر 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

پولیس نے زخمی ہونے والے شخص کی نشاندہی پر رکن صوبائی اسمبلی کے بھائی کو گارڈز سمیت گرفتار کرلیا۔ دوطرفہ فائرنگ سے رکن صوبائی اسمبلی کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ پولیس کے مطابق بدھ کی شام کوئٹہ کے علاقے جناح روڈ پر جائیداد کے مسئلے پر 2گروہوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

ایک زخمی کی نشاندہی پر پولیس نے رکن صوبائی اسمبلی منظور احمد کاکڑ کے بھائی نصیر احمد کو5 گارڈز سمیت گرفتار کرکے سول لائن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا، فائرنگ سے رکن صوبائی اسمبلی کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جو خود گاڑی میں موجود نہیں تھے ،سول لائن پولیس مزید کارروائی کررہی ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری نے کوئٹہ میں جناح روڈ پر فائرنگ کے واقعہ کاسختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مقبول خبریں