پاک فضائیہ سربراہ کو ترکش لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

سہیل امان کی ترک ہم منصب سے ملاقات، آئی ٹی اور تربیتی میدان میں تعاون بڑھانے کااعادہ


Numainda Express July 19, 2017
جنرل عابدین اون کی آپریشن ضرب عضب کی کامیابی میں پاک فضائیہ کے کردارکی تعریف۔ فوٹو : آن لائن

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے ترک ہم منصب جنرل عابدین اونل سے ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایئرچیف نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں پاک فضائیہ کے کردار پرروشنی ڈالی جبکہ اس دوران پاکستان و ترکی کے درمیان سیکیورٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تربیتی میدان میں تعاون کو مزیدفروغ دینے کاا عادہ کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ترک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز استنبول میں ایک پروقار تقریب میں ایئر چیف مارشل سہیل امان کو پاکستان اور ترکی کی فضائی افواج کے درمیان دفاعی تعاون کوفروغ دینے پر ترکش لیجن آف میرٹ ایوارڈسے نوازا گیا۔

قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے ترک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انھیں ترک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی،بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے کمانڈرترک فضائیہ، جنرل عابدین اونل سے ملاقات کی، جنرل عابدین اونل نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی میں پاک فضائیہ کے کردار کوسراہا۔

مقبول خبریں