سونل چوہان فلم ’’تھری جی ‘‘ میں نیل نیتن کی ہیروئن بنیں گی

ہارر فلم جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ تیار کی گئی ہے ،یہ شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی، سونل چوہان


Showbiz Desk February 10, 2013
فلم میں اپنا کردار بڑی محنت سے نبھایا ہے،سونل چوہان۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ اداکارہ سونل چوہان نئی فلم ''تھری جی ''میں نیل نیتن مکیش کے ساتھ جلوہ گرہونگی ۔

فلم کا ٹریلر ریلیز کیا جاچکا ہے ۔ہدایتکار شیرشک آنند کی یہ فلم15مارچ کو سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی فلم کی تشہیری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ۔بالی وڈ اداکارہ سونل چوہان کا کہنا ہے کہ نئی فلم میں لیڈنگ لیڈی رول نبھایا ہے ۔انھوں نے کہا کہ یہ ہارر فلم جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ تیار کی گئی ہے ،یہ شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی ۔انھوں نے کہا کہ بالی کی دراز قد 27سالہ اداکارہ نے بتایا کہ انھوں نے اپنے رول کو نبھانے کے لیے بڑی محنت کی ہے ۔کہانی کے تحت اپنی پرفارمنس کو پرفیکٹ بنانے کے لیے کردار کا مطالعہ کیا ہے۔

بھارتی فلمی ستاروں کے جھرمٹ میں کام کرنے پر فخر ہے ۔امیتابھ کے ساتھ فلم ''بڈھا ہوگا تیرا باپ ''میں تانیہ کا کردار انتہائی خوبصورتی سے نبھاکر شائقین سے داد وصول کی ۔سونل چوہان کا کہنا ہے کہ ہدایت کار کنال دیش مکھ کی فلم ''جنت ''کی شوٹنگ کے دوران اداکار عمران ہاشمی،مہیش بھٹ اور مکیش بھٹ کے ساتھ پاکستان بھی پہنچی تھیں ۔اداکارہ نے اس حوالے سے کہا کہ لاہور کا سفر بہت یادگار رہا ،شہر بہت اچھا ہے اور لاہور کے لوگ بھی فنکاروں سے محبت کرتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ لاہور کی یادیں آج بھی زندہ ہیں ۔شہر کے لوگ بہت ملنسار ہیں۔

سونل نے کہا کہ آنیوالی فلم میں اپنے کردار کو عمدگی سے نبھانے کی کوشش کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اچھے کردار کی تلاش کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور میری بھی یہ کوشش ہوگی کہ مستقبل میں کوئی ایسا کردار ملے جو میری شناخت بن جائے ،آنیوالی فلموں میں اپنی پرفارمنس کو بہترانداز میں پیش کرنے کے لیے لگن شوق اور محنت سے کام کروں گی ۔ادھر سونل چوہان نے مختلف تقریبات میں پرفام کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہواہے ۔اداکارہ کی حال ہی میں تقریب کے دوران لائیو پرفارمنس کو شائقین کی جانب سے بہت سراہا گیا ہے ۔



واضح رہے کہ 16مئی 1985کو مظفر نگر کے چوہان راجپوت گھرانے میں پیدا ہونے والی بالی اداکارہ سونل چوہان کیرئیر کا آغاز ماڈل کے طور پر کیا ۔اداکارہ نے کئی شوز میں ماڈلنگ کی اور مقابلے جیتے ۔اداکارہ وماڈل سونل چوہان نے ابتدائی تعلیم دہلی پبلک ماڈل اسکول سے حاصل کی ۔اس کے بعد فلاسفی میں آنرز کیا ،سونل کے آبائواجداد کا تعلق منی پور کے شاہی راجپوت گھرانے سے ہے ،ان کے والد پولیس انسپکڑ تھے جب کہ سونل کے ایک بڑے بھائی اور دو بہنیں ہیں ۔اداکارہ کی کیمرے کے لیے پہلی پرفارمنس گلوکار ہمیش رشمیا کی میوزک ''آپ کا سرور''میں تھی جس پر ان کی اداکاری اور ماڈلنگ کو دیکھ کر بالی وڈ کے کئی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بھی متاثر ہوئے اور اسی بنا پر انھیں نئی فلموں میں کام کرنے کی پیشکشیں ہونے لگیں ۔

اداکارہ سونل چوہان کی اس میوزک البم میں شاندار پرفارمنس سے متاثر ہوکر کنال دیش مکھ نے بھی انھیں فلم میں کام کرنے کی آفردی جس پر انھوں نے ان کی فلم ''جنت ''میں کام کرنے کی حامی بھرلی ۔دریں ائناء کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی تشہیری مہموں کے لیے بنائی جانیوالی کمرشلز میں بھی کام کیا اور ان کی تشہیری فلمیں مختلف ٹی وی چینلز سے آن ایئر ہوئیں ۔اداکارہ کی ان فلموں میں جاندار پرفارمنس نے بھی انھیں شہرت بخشی اور یوں ان کے لیے بالی وڈ میں کام کرنے کی راہ ہموار ہوتی چلی گئی ۔ اداکارہ نے فلم''جنت '' میں زویا کا کردار نبھایا ۔

2008میں فلم ریلیز ہوئی تو ان کی پرفارمنس کی بھی دھوم مچ گئی ۔اسی سال سونل نے تلگو فلم ''رینبو''کی ۔2010میں بھی سائوتھ کی ایک فلم میں جلوہ گر ہوئیں ۔اسی سال ہندی فلم ''پہلا ستارہ ''میں پرفارم کیا ۔2011کے دوران سونل نے بالی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ''بڈھا ہوگا تیرا باپ''میں اہم کردار نبھایا ۔ ۔ادھر بالی وڈ اداکارہ کے نیل نیتن مکیش کے ساتھ دوستی کے بھی چرچے رہے ۔پانچ فٹ چھ انچ قد رکھنے والی اداکارہ کی نئی فلم بھی اب ریلیز کے لیے تیار ہے ۔ان کی آنیوالی فلم سے اچھی توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں ۔

مقبول خبریں