عیدالاضحیٰ کے پکوان

غزالہ عامر  پير 28 اگست 2017
بنائیں اس عیدالاضحیٰ پر ذائقہ دار پکوان۔ فوٹو: فائل

بنائیں اس عیدالاضحیٰ پر ذائقہ دار پکوان۔ فوٹو: فائل

پنجابی مسالا چانپ

اجزا:

مٹن چانپ: دس عدد، پیاز(درمیانی): دو عدد، ٹماٹر:آدھا کلو، دہی: ایک سے ڈیڑھ کپ، پسا ہوا بُھنا زیرہ: ایک چائے کا چمچہ، پسی ہوئی سرخ مرچ: ایک کھانے کا چمچہ، گرم مسالا: دو چائے کے چمچے، لیموں کا رس: دو کھانے کے چمچے، تازہ ہرا دھنیا: تین کھانے کے چمچے، نمک: ایک سے ڈیڑھ چائے کا چمچہ، ادرک لہسن کا آمیزہ یا پیسٹ: دو سے ڈھائی کھانے کا چمچے، تیل: حسب ضرورت

ترکیب:

ایک گہرے پیندے کی کڑاہی میں تیل ڈال کر گرم کریں۔ پھر اس میں مٹن چانپ، ٹماٹر، باریک کٹی پیاز، لال مرچ، دہی، نمک اور ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔ جب آبال آنے لگے تو کڑاہی کو ڈھک دیں۔ آنچ ہلکی کردیں اور لگ بھگ پچاس منٹ تک پکائیں،یہاں تک کہ چانپ کے گلنے میں معمولی سی کسر رہ جائے۔ اب اس میں اوپر سے پسا ہوا زیرہ ڈال دیں اور مزید دس سے پندرہ منٹ تک پکنے دیں۔ اس عرصے میں گوشت اچھی طرح گل جائے گا اور شوربہ گاڑھا ہوجائے گا۔ آخر میں گرم مسالا اور لیموں کا رس شامل کرلیں اور ہرے دھنیے سے سجا کر نان اور رائتے کے ساتھ پیش کریں۔

مہارانی ران

بکرے کی ران: ایک سے ڈیڑھ کلو، کچا پپیتا: ایک کھانے کا چمچہ، دہی:  ڈیڑھ کپ، ادرک لہسن کاپیسٹ: دوکھانے کے چمچے، کھویا: آدھا کپ، گرین چلی گارلک سوس: دو کھانے کے چمچے، تلی اور پسی پیاز: چارکھانے کے چمچے، چھلے اور بھنے بادام: ایک کھانے کا چمچہ، نمک: ڈیڑھ چائے کا چمچہ، پسادھنیا: ڈیرھ چائے کا چمچہ، بھنا اور پسازیرہ: ایک 1چائے کا چمچہ، گرم مسالا: ایک چائے کا چمچہ، پسی جائفل: چوتھائی چائے کا چمچہ، پسی جاوتری: نصف چائے کا چمچہ، پسی ہری الائچی: چوتھائی چائے کا چمچہ، فریش کریم: نصف کپ، اْبلے انڈے: دو عدد، فرنچ فرائز: پیش کرنے کے لیے، ثابت چھلے اور تلے ہوئے بادام : پندرہ عدد

ترکیب:

کچا پپیتا ، دہی ، ادرک لہسن کا پیسٹ، کھویا ، گرین چلی گارلک سوس ، تلی اور پسی پیاز ، چھلے اور بھنے بادام، نمک، پسی لال مرچ، پسادھنیا ، جائفل، جاوتری اور پسی ہری الائچی کو ایک برتن میں ڈال کر اچھی طرح ملالیں۔ ایک پیسٹ سا بن جائے گا۔ اس میں سے آدھا یا دو تہائی پیسٹ بکرے کی ران پر اچھی طرح لگا کر دو سے چار گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔

اس کے بعد کڑاہی یا کھلے منھ کے برتن میں دو کپ تیل کڑکڑائیں اور اس میں ران ڈال کر اچھی طرح فرائی کرلیں۔ اب اس میں باقی پیسٹ ڈال کر  ہلکی آنچ پر 35سے 40منٹ تک پکائیں۔ اس کے بعد دو عدد اْبلے انڈے، فرنچ فرائز، ثابت چھلے اور فرائی بادام اور کریم سے سجاکر شیرمال کے ساتھ کھانے کے لیے پیش کریں۔

افغانی کباب

اجزا

قیمہ: ایک کلو، پیاز: ایک عدد، شملہ مرچ: ایک عدد، ٹماٹر: ایک عدد، ہری مرچ: تین عدد، ہرا دھنیا: آدھ کپ، ثابت دھنیا: ایک کھانے کا چمچہ، ثابت زیرہ: ایک کھانے کا چمچہ، کٹی لال مرچ: ایک کھانے کا چمچہ، نمک: حسب ذائقہ، بیسن: چوتھائی کپ، انار دانہ: دو کھانے کے چمچے

ترکیب:

پیاز ، شملہ مرچ ، ٹماٹر اور ہری مرچ کو باریک کتر کر قیمے میں شامل کردیں۔ اب اس میں نمک ، کٹی لال مرچ ، بیسن ، انار دانہ اور باقی تمام اجزا شامل کرکے اچھی طرح ملالیں۔

اب قیمے کو کباب کی شکل میں سیخ پر لگائیں اور کوئلوں پر تل لیں۔ پتیلی میں ہلکا سا تیل ڈال کر بھی انھیں تلا جاسکتا ہے۔

گلاوٹ کے کباب

اجزا

گائے کا قیمہ: ایک کلو، تازہ کریم: ایک پیکٹ، باریک کٹا ہوا پودینہ: ایک گٹھی، انڈا : ایک عدد، ڈبل روٹی کے سلائس: تین عدد، لونگ: چار عدد، باریک کٹی ہری مرچ: چار عدد، کالی مرچ: چھے عدد، چھوٹی الائچی: چھے عدد، سفید زیرہ: ایک چائے کا چمچہ، کالا زیرہ: ایک چائے کا چمچہ، خشخاش: ایک کھانے کا چمچہ، پسی لا ل مرچ: ایک کھانے کا چمچہ، پسا ہوا کچاپپیتا: دو کھانے کے چمچے، چنے: دو کھانے کے چمچے، تیل: حسب ضرورت، نمک: حسب ضرورت

ترکیب:

پہلے چنے، سفید زیرہ ، کالا زیرہ، چھوٹی الائچی، لونگ ، کالی مرچ اور خشخاش ساتھ ملا کر اچھی طرح پیس لیں۔

اب قیمے میں پسا ہوا مسالا اور ڈبل روٹی کے سلائس ملا کر چوپرمیں پیس لیں۔ اس کے بعد اس میں پساہوا کچا پپیتا، کریم ، نمک ، پسی لال مرچ ، انڈا، پودینہ اور ہری مرچ ملا کر اچھی طرح گوندھ لیں۔ اب اس آمیزے کے کباب بنا کر اتنا تلیں کہ کچھ کسر باقی رہ جائے۔ تمام کباب تلے جاچکیں تو انھیں ایک دیگچی میںپھیلا کررکھیں اور لیموں کارس شامل کرکے ہلکی آنچ پر دَم پر رکھ دیں۔ مزے دار گلاوٹ کے کباب گرم گرم شیرمال کے ساتھ سرو کریں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔