پاکستان اورتاجکستان کاتعلقات کومزید فروغ دینے پراتفاق 

 تاجکستان اقتصادی راہداری سے استفادہ کرے،صدرممنون کی امام علی رحمان سے گفتگو


Numainda Express September 18, 2017
 تاجکستان اقتصادی راہداری سے استفادہ کرے،صدرممنون کی امام علی رحمان سے گفتگو فوٹو: فائل

BALAKOT: صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے تاجکستان کو گوادر بندرگاہ کے ذریعے اپنی برآمدات اور درآمدات کرنے کے شاندار مواقع کی پیشکش کی ہے اور تاجکستان کو دعوت دی ہے کہ وہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تجارتی روٹ سے استفادہ کر ے۔

ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ممنون حسین نے اتوار کو تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کے دوران کیا۔دونوں صدور نے باہمی تزویراتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے برادرانہ تعلقات کی بنیاد مشترکہ مفادات ,امن اور خوشحالی ہے۔ پاکستان اور تاجکستان سفارتی تعلقات کی سلور جوبلی منا رہے ہیں۔شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت کے لیے حمایت پر تاجکستان کے مشکور ہیں انھوں نے کہا کہ پاکستان رواں برس نومبر میں 10ویں پاکستان ایکسپو منعقد کر رہا ہے، تاجکستان اس میں تجارتی وفود بھیجے۔صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان کاسا 1000منصوبے کی بروقت تکمیل کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ تاجکستان گوادر سمیت پاکستانی بندرگاہوں سے اپنی تجارت میں اضافہ کر سکتا ہے ۔

پاکستان اور تاجکستان کو براہ راست فضائی رابطے بحال کرنے چاہئیں، خطے میں زمینی،فضائی اور ریل رابطوں سے تجارت اور خوشحالی میں اضافہ ہو گا۔اس موقع پر تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے کہا کہ تاجکستان 10ویں پاکستان ایکسپو میں اپنے تجارتی وفود بھیجے گا ،پاکستان کے ساتھ براہ راست فضائی رابطے بحال کرنے کے لیے اقدامات کا حکم دوں گا۔

مقبول خبریں