پاکستانیوں کی محبت کولنگ ووڈ کے دل میں بس گئی

گرمجوشی کی وجہ سے خودکو41کے بجائے18سال کا محسوس کیا،انگلش کرکٹر


Sports Desk September 20, 2017
سوشل میڈیا پر ہمارے ہی چرچے تھے،پورا ملک کرکٹ کے بخار میں مبتلا نظر آیا

SYDNEY: پاکستانیوں کی محبت پال کولنگ ووڈ کے دل میں رچ بس گئی، انگلش آل رائونڈر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ہمارے ہی چرچے تھے، پورا ملک کرکٹ کے بخار میں مبتلا نظر آیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق انگلش آل رائونڈر پال کولنگ ووڈ نے آئی سی سی کیلیے کالم میں لکھاکہ ہم نے پاکستان میں طویل عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے ایک قدم اٹھایا، دبئی میں ورلڈ الیون کے پلیئرز جمع ہوئے تو سب کی ایک ہی سوچ تھی کہ کچھ غیر معمولی کرنے جارہے ہیں، لاہور میں آمد پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات دیکھنے میں آئے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ہمیں نکال لے جانے کیلیے ہیلی کاپٹرز ساتھ ساتھ پرواز کررہے تھے، انھوں نے کہا کہ ہوٹل میں سیلفی کی درخواست کرنے والے ہر شائق نے پاکستان آنے پر ہمارا شکریہ ادا کیا، سوشل میڈیا پر صرف ہمارے ہی چرچے تھے، رکشے میں میدان کا چکر لگانا اور تماشائیوں کی جانب سے استقبال بھی منفرد تجربہ رہا، پورا ملک کرکٹ کے بخار میں مبتلا نظر آتا تھا۔

میزبان کرکٹرز بھی فتح اور شکست سے قطع نظر دورہ کرنے پر ہمارے شکرگزار نظر آتے،انھوں نے کہا کہ مختلف ملکوں کے پلیئرز کی آپس میں گپ شپ نے ماحول مزید خوشگوار بنائے رکھا، یہ میری زندگی کا ایسا ہفتہ تھا جوکبھی بھول نہیں پائوں گا، پاکستانی شائقین کی محبت نے دل جیت لیے،میں پہلا میچ نہیں کھیل پایا، اسٹیڈیم میں گرمجوشی کی وجہ سے دوسرے میں خود کو 41کے بجائے 18 سال کا محسوس کیا، ایک مشکل کیچ بھی تھاما۔کولنگ ووڈ نے کہا کہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب پہلا قدم تھا، امید ہے پاکستان میں جلد غیر ملکی ٹیمیں آئینگی، جب ایسا ہوگا تو بحالی کی کوششوں کا حصہ بننے پر ہم سب بہت فخر محسوس کرینگے۔

مقبول خبریں