بھارت کی پاکستان سے ایک بار پھر کلبھوشن معاملے پر نظرثانی کی درخواست

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 اکتوبر 2017
کلبھوشن یادو کی والدہ  کو پاکستان جانے اور بیٹے سے ملاقات کی اجازت دی جائے، بھارتی وزیرخارجہ۔ فوٹو: فائل

کلبھوشن یادو کی والدہ کو پاکستان جانے اور بیٹے سے ملاقات کی اجازت دی جائے، بھارتی وزیرخارجہ۔ فوٹو: فائل

نئی دلی: بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے پاکستان سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ جاسوس کلبھوشن یادو کی سزائے موت کے حوالے سے نظرثانی کی جائے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود سے بھارتی وزیرخارجہ سشما سواج نے ملاقات کی۔ نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، سرحدی کشیدگی اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق وزیرخارجہ سشما سوراج نے پاکستانی سفیر سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی حکومت بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کی سزائے موت کے فیصلے پر نظرثانی کرے جب کہ  کلبھوشن یادو کی والدہ  کو پاکستان جانے اور بیٹے سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ بھارتی اخبار میں کہا گیا ہے کہ آئندہ چند روز میں  اس حوالے سے بھارتی مشیر قومی سلامتی اجیت دوال اورسیکریٹری خارجہ جےشنکر بھی پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود سے ملاقات کریں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔