وزیراعظم کی امریکا یاترا سے قومی خزانے کو ایک ارب سے زائد کا ٹیکا لگے گا

وزیراعظم کے دورہ امریکا کیلئے حکومت نے پی آئی اے سے بوئنگ 777 طیارہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ایک طیارہ بیک اپ پرہوگا۔


ویب ڈیسک October 04, 2015
وزیراعظم نواز شریف کی جنرل اسمبلی کی 16 منٹ کی تقریر پر 15 کروڑ روپے کے اخراجات آئے تھے۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف 7 روزہ سرکاری دورے پر امریکا جا رہے ہیں لیکن اس یاترا سے صرف سفری اخراجات کی مد میں قومی خزانے کو ایک ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑ ے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کے مجوزہ دورہ امریکا کے لئے حکومت نے پی آئی اے سے بوئنگ 777 طیارہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں مجموعی طور پر 320 مسافروں کی گنجائش ہوتی ہے لیکن پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے طیارے میں خصوصی طور پر 12 مزید نشستیں لگائی جائیں گی۔

وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکا کے لئے پی آئی اے کا طیارہ 5 روز قبل ہی آپریشن سے نکال لیا جائے گا جب کہ کسی تیکنیکی خرابی کی صورت میں ایک طیارہ بیک اپ کے طور پر بھی رکھا گیا ہے۔ اگر اخراجات کا تخمینہ لگایا جائے تواس شاہانہ فرمائش سے بوئنگ 777 کے 16 دن آپریشن سے باہر رہنے سے قومی ائیر لائن کو کروڑوں روپے کا خسارہ ہوگا۔

بوئنگ 777 جس میں 320 سیٹیں ہوتی ہیں، بین الاقوامی روٹ پر ایک بوئنگ 777 ہفتے میں10 پروازیں کرتا ہے۔ اس طرح 16 روز میں 23 پروازیں بنتی ہیں۔ اگر ایک پرواز میں 250 مسافروں کا حساب لگایا جائے اور ان روٹس کا ٹکٹ ایک لاکھ 20 ہزار روپے جو کہ کم ترین ریٹ ہے تو اس حساب سے پی آئی اے کو ایک بوئنگ 777 پر 69 کروڑ روپے کا خسارہ ہوگا۔

یہ تو صرف اس طیارے کا خسارہ ہے جو وزیراعظم کے زیرِ استعمال ہوگا جب کہ اگر اس بوئنگ 777 کے خسارے کا بھی حساب لگایا جائے جو پاکستان میں بیک اپ پر رہے گا تو بات ایک ارب روپے سے بھی کہیں اوپر چلی جائےگی۔ پی آئی اے کے پاس اس وقت سب سے زیادہ جدید طیارے بوئنگ 777 ہی ہیں جن کی تعداد 9 ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم 17 اکتوبرکواسلام آباد سے لندن روانہ ہوں گے۔ 19 اکتوبرکولندن سےامریکی شہر شکاگو، اگلے ہی دن واشنگٹن ڈی سی جب کہ 24 اکتوبر کو دوبارہ بوئنگ 777 لندن کے لئے پرواز بھرے گا جہاں سے وزیراعظم اپنے لاؤلشکر کے ساتھ 26 اکتوبر کو واپسی کیلئے اڑان بھریں گے۔

مقبول خبریں