کرائسٹ چرچ دہشتگردی؛ مزید 3 پاکستانیوں کے شہید ہونے کی تصدیق، تعداد 9 ہوگئی

ویب ڈیسک  اتوار 17 مارچ 2019
شہدا اور زخمیوں کے اہلخانہ وزٹ ویزا کے لئے درخواست دے سکتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو: فائل

شہدا اور زخمیوں کے اہلخانہ وزٹ ویزا کے لئے درخواست دے سکتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کے نتیجے میں 9 پاکستانیوں کے شہید ہونے کی تصدیق کردی۔

ٹوئٹر پر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں مزید 3 پاکستانیوں ذیشان رضا،ان کے والد غلام حسین اور والدہ کرم بی بی کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد جام شہادت نوش کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ شہداء کے خاندانو ں سے رابطے میں ہے۔

دفتر خارجہ نے اس سے قبل سید اریب احمد، محبوب ہارون، سہیل شاہد، سید جہانداد علی، نعیم رشید اور ان کے بیٹے طلحہ نعیم شہید کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے گزشتہ روز اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمیشن سانحہ کرائسٹ چرچ کے حوالے سے مزید تفصیلات اکٹھی کررہا ہے۔ شہید و زخمی ہونے والے افراد کے اہلخانہ وزٹ ویزا کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔