سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں بکروں کی آمد شروع

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 3 اگست 2017
انتظامات کو حتمی شکل دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، مال بردار گاڑیوں کے داخلے کے لیے رقم مقرر کر دی گئی
 فوٹو: فائل

انتظامات کو حتمی شکل دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، مال بردار گاڑیوں کے داخلے کے لیے رقم مقرر کر دی گئی فوٹو: فائل

 کراچی:  سپر ہائی وے پر قربانی کے جانوروں کے لیے قائم کی جانے والی مویشی منڈی میں اندرون سندھ سے بکروں کی آمد کا بھی سلسلہ شروع ہوگیا ، مویشی میں منڈی میں مال بردار گاڑیوں کے داخلے کے لیے رقم مقرر کر دی گئی .

مویشی منڈی انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کو حتمی شکل دیے جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ قربانی کے جانور خریدنے اور انھیں دیکھنے آنے والوں کا تناتا بندھا ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر سپرہائی وے پر قربانی کے جانوروں کے لیے قائم کی جانے والی مویشی منڈی میں اندرون سندھ سے بکروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ، مویشی منڈی میں نوشہرو فیروز اور نواب شاہ سے 200 کے قریب بکرے مویشی منڈی پہنچ گئے ہیں تاہم ان بکروں کے بیوپاریوں کو عارضی طور پرگائے منڈی میں جگہ فراہم کر دی گئی ہے جنھیں بعدازاں گائے منڈی کے عقب میں قائم کی جانے والی بکرا منڈی میں منتقل کر دیا گیا ہے ، مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کو گھروں تک پہنچانے کے لیے مال بردار گاڑیوں کی داخلہ فیس مقرر کر دی گئی۔

جس میں سوزوکی پک کی 250 روپے جبکہ شہزور ٹرک 350 اور رکشا کی داخلہ فیس 150 روپے ہر بار مویشی منڈی میں داخلے پر وصول کی جائیگی ، مویشی منڈی انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کو حتمی شکل دیے جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور وی آئی پی پلاٹوں کی بکنگ کے بعد اب وہاں پر ٹینٹ لگائے جانے کا عمل شروع ہوگیا ہے ، مویشی منڈی میں لائے جانے والے قربانی کے جانوروں کی خریداری اور انھیں دیکھنے کے لیے آنے والوں کو بدستور تناتا بندھا ہوا ہے تاہم بعض بیوپاریوں کی جانب سے جانوروں منہ مانگی قیمتیں طلب کی جا رہی ہیں تاہم ایسے بیوپاری جو جانوروں کی مناسب قیمت طلب کرتے ہیں، خریدار کی جانب سے کمی بیشی کے بعد وہ قربانی کا جانور خریدنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔