3 ماہ میں 16 سرکاری گاڑیاں چوری اور چھین لی گئیں

زوہیب جئے جا  جمعرات 11 جنوری 2018
پوش علاقوں میں وارداتیں بھی بڑھ گئیں، گاڑیاں چھیننے والا گروہ صرف سرکاری نمبر پلیٹ کی گاڑیاں چھینتا ہے۔ فوٹو: فائل

پوش علاقوں میں وارداتیں بھی بڑھ گئیں، گاڑیاں چھیننے والا گروہ صرف سرکاری نمبر پلیٹ کی گاڑیاں چھینتا ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی میں اعلیٰ سرکاری افسران کی گاڑیاں چھیننے اور چوری کرنے والا گروہ سرگرم ہو گیا اور مختلف علاقوں سے 3ماہ میں 10 سرکاری گاڑیاں چھین اور 6 چوری کرلی گئی ہیں۔

کراچی میں اعلیٰ سرکاری افسران کی گاڑیاں چھیننے و چوری کرنے والا گروہ سرگرم ہو گیا،3ماہ میں 10 سرکاری گاڑیاں چھینی جاچکی ہیں، 6گاڑیاں چوری ہونے کے واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں،سب سے زیادہ سرکاری گاڑیاں کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں درخشاں سے چھینی جاچکی ہیں جن کی تعداد 6 ہوچکی ہے۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال بھی گاڑیاں چھیننے کی روایت برقرار رہی،سال کے پہلے مہینے کی 5،7 اور 8 تاریخ کو تین سرکاری گاڑیاں درخشاں، کلفٹن اور شریف آباد کے علاقے سے چھینی گئی،چھیننے والی گاڑیاں نئے ماڈلز2016 اور 2017 کی کرولا کار تھی جن کے نمبرجی ایس سی 841، جی ایس سی 403 ہے۔

سب سے زیادہ درخشاں کے علاقے سے چھینی گئی،گاڑیوں میں سال 2017 اکتوبرکی 21،22جبکہ نومبر کی 4اور دسمبر کی 17،20 تاریخ کو چھیننے کے واقعات رپورٹ ہوئے،گذری میں2017 دسمبر کی 12،شاہراہ فیصل پر دسمبر کی 30 اور شریف آباد میں رواں سال جنوری کی 5 کو کاریں چھینی گئیں،سرکاری گاڑیاں چوری ہونے کے واقعات گلستان جوہر ،گذری،د رخشاں، شاہراہ فیصل اور عزیز بھٹی کے علاقے میں پیش آئے۔

سرکاری گاڑیاں چھیننے والا گروہ صرف گورنمنٹ نمبر پلیٹ کی گاڑیاں چھینتا ہے اورگاڑیاں چھیننے کا ہدف پوش علاقہ درخشاں اور اس کے اطراف کا بنا رکھا ہے،سرکاری گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں اضافہ اور گروہ دیگر علاقوں میں بھی سرکاری گاڑی چھیننے کو اپنا ہدف بنارہا ہے۔

اس حوالے سے ساؤتھ کے ایس ایس پی جاوید اکبر ریاض اور اے سی ایل سی کے ایس ایس پی مقدس حیدر سے ان کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم انھوں نے فون نہیں اٹھایا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔