عدالت نے بیٹی کے قاتل سفاک باپ کو عمر قید کی سزا سنا دی

بیروزگاری کے باعث ذلت کی زندگی پر بیٹی کو قتل کیا، مجھے پھانسی دی جائے، مجرم


Staff Reporter January 23, 2018
مجرم اقبال نے فاضل جج کے سامنے اپنی 3 سالہ بیٹی وانیاں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ فوٹو: ایکسپریس

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے 3 سالہ سالہ بیٹی کی شہ رگ کاٹنے والے سفاک باپ کو جرم ثابت ہونے پر عمرقید کی سزا سنائی دی۔

استغاثہ کے مطابق ملزم اقبال کا 2011 میں اپنی بیوی سے جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد ملزم نے طیش میں آ کر 3 سالہ بیٹی وانیاں کی شہ رگ چھری سے کاٹ دی تھی ملزم کے خلاف فیریئر تھانے میں قتل کا مقدمہ مقتولہ کے ماموں کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

دوران سماعت ملزم کی اہلیہ نسیم فرح نے انکشاف کیا تھا کہ وقوعے کے روز اس نے اپنے شوہر اقبال کو ناشتہ لانے کو کہا جس پر وہ طیش میں آگیا اور جھگڑنے لگا اور کہا کہ پیسے نہیں ہیں جس پر میں نے کہا کہ کہ بچی کو سنبھالو میں بچوں کو اسکول چھوڑ کر آتی ہوں اور ناشتہ بھی لے کر آئوں گی جب واپس گھر آئی تو میرے شوہر اقبال نے 3 سالہ بیٹی کو قتل کردیا تھا۔

پراسیکیوٹر عبدالقدیر میمن نے عدالت میں مجرم کو بے نقاب کیا اور عدالت کو بتایا کہ مجرم نے اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا اور مجرم کا اعترافی بیان عدالت میں پیش کیا اور بتایا کہ مجرم نے 25 فروری2011 کو ماتحت عدالت میں فاضل جج کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ وہ بیوی سے ناچاقی اور جھگڑے سے تنگ تھا اور بیروزگاری کی ذلت کی زندگی گزار رہا تھا تنگ دستی کے باعث میں نے اپنی بیٹی وانیاں کو چھری سے قتل کردیا تاہم مجھے پھانسی کی سزا دی جائے۔

اس موقع پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے بھی تصدیق کی تھی میڈیکل رپورٹ اور ایم ایل او کے بیان نے بھی استغاثہ کی مدد کی مجرم کے خلاف تھانہ فیریئر میں مقدمہ درج تھا۔

مقبول خبریں