پارلیمنٹ لاجز میں ہزاروں چوہوں کا انکشاف کنٹرول سیل قائم کرنے کی سفارش

کارپوریٹ ری ہیبلیٹیشن، این ڈی ایم اے ترمیمی بل کی منظوری


Numaindgan Express February 28, 2018
بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کی پی ایس ایل کے دونوں ایڈیشن کی آڈٹ رپورٹس منظر عام پر نہ لانے پر برہمی، پی سی بی سے بریفنگ طلب فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی میں پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل(پی اے آر سی) کے چیئرمین ڈاکٹر یوسف ظفر نے انکشاف کیاہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں ہزاروں چوہے ہیں۔

خصوصی سروے میں یہ تعداد سامنے آئی، چوہے ختم کرنے کیلیے سی ڈی اے کو خصوصی منصوبہ بناکر دیا ہے اور سی ڈی اے کو چوہاکنٹرول سیل قائم کرنے کی سفارش کی ہے۔ منگل کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ملک شاکر بشیر اعوان کی زیر صدارت میں ہوا۔ قائمہ کمیٹی کو بریفنگ میں چیئرمین پی اے آر سی کاکہناتھاکہ پارلیمنٹ کی درخواست پر چوہوں کی تعداد جانچنے کیلیے خصوصی سروے کیاجس میں یہ تعداد سامنے آئی، پارلیمنٹ کے کمروں اور کیفے ٹیریا میں بھی چوہے موجود ہیں، جب تک چوہوں کاسورس ختم نہیں کیا جاتا، یہ ختم نہیں ہو سکتے۔

چیئرمین پی اے آر سی کامزید کہنا تھاکہ سروے مکمل ہونے کے بعد انھوں نے سی ڈی اے سے کہاہے کہ وہ اس معاملے میں کچھ کرے، چوہے ختم کرنے کیلیے سی ڈی اے کو چوہاکنٹرول سیل قائم کرنے کی سفارش کی ہے۔علاوہ ازیں چیئرمین کمیٹی عبدالمجید خان خانان خیل کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں نوجوانوں کو سی پیک منصوبے کی افادیت سے آگاہ کرنے کے لیے ملکی جامعات میں سی پیک سیل بنائے جارہے ہیں۔ دریں اثنا شیخ روحیل اصغر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے وزیراعظم سیکریٹریٹ سے تمام محکموں کو سروے آف پاکستان سے پاکستان کاحقیقی نقشہ لینے کی ہدایات جاری کرنے کی سفارش کر دی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی ذیلی کمیٹی نے وزارت مذہبی امور سے حاجیوں کے مجالمہ ویزوں کی تفصیلات کرلی ہیں۔

سینیٹ کمیٹی برائے تفویض کردہ قانون سازی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹرتاج حیدر کی سربراہی میں ہوا۔ کمیٹی نے نجکاری کمیشن2000کی شق نمبر 3,9 اور 14 کے قوائد وضوابط میں کمیشن، بورڈ اور چیئرمین کے اختیارات کے بارے میں تضاد کو ختم کرنے کے لیے وزارت کو تین ماہ کاوقت دے دیا۔ سلیم مانڈوی والاکی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزا نہ نے کارپوریٹ ری ہیبلیٹیشن بل 2018کا جائزہ لیتے ہوئے منظوری دے دی،کمیٹی میں ملتان سکھر موٹر وے منصوبہ 294 ارب روپے کی لاگت کی منظوری بھی دی گئی۔

کمیٹی نے چینی کمپنی کو ملتان سکھر موٹر وے منصوبے پر دس ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ دینے پر تشویش کااظہار کیاہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے دونوں ایڈیشن کی آڈٹ رپورٹس منظر عام پر نہ لانے پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی)سے آڈٹ رپورٹس پر بریفنگ طلب کر لی۔ کمیٹی ارکان کاکہنا تھا کہ پی سی بی نے پی ایس ایل میں من پسند افسران کو ڈبل ڈبل تنخواہوں سے نوازا،پوراکرکٹ بورڈ دبئی بیٹھاہواہے، پی سی بی جان بوجھ کر آڈٹ رپورٹس سامنے نہیں لارہا،کمیٹی تحقیقات کیلئے نیب اور ایف آئی اے کو خطوط لکھے۔

مقبول خبریں