بین الصوبائی گیمز کا رنگا رنگ تقریب میں آغاز

خبر نگار  پير 19 مارچ 2018
کھلاڑیوں کا مارچ پاسٹ، ملک بھر سے2300 پلیئرز شریک۔ فوٹو : اے پی پی

کھلاڑیوں کا مارچ پاسٹ، ملک بھر سے2300 پلیئرز شریک۔ فوٹو : اے پی پی

پشاور: چوتھے بین الصوبائی گیمز پشاور میں شروع ہوگئے۔

بین الصوبائی گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی ،اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر)سید عارف حسن مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب‘سیکریٹری جنرل پی او اے خالد محمود‘سیکریٹری اسپورٹس خیبر پختونخوا طارق خان ‘ڈی جی اسپورٹس جنید خان ‘ سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ ‘آرگنائزنگ سیکریٹری ذوالفقار بٹ ‘پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل طارق پرویز‘پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل وصال محمد خان‘سابق ڈی جی اسپورٹس بورڈ ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا‘اسکواش لیجنڈ محب اللہ خان ‘عابد خان ‘امجد خان ‘فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر شاہد خان شنواری سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

پی او اے کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے باقاعدہ طور پر مقابلوں کے افتتاح کا اعلان کیا‘ گیمز میں 37 ـمختلف ایونٹس میں ملک بھر سے 2300 کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کررہے ہیں ‘مردوں کے لیے 26 اور خواتین کے لیے 11 کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے ‘چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان ‘فاٹا ‘اسلام آباد اور آزاد کشمیر کی ٹیمیں بھی شرکت کررہی ہیں ‘ یہ پہلا موقع ہے فٹبال ‘ سائیکلنگ اور جوڈو کو بین الصوبائی گیمز میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

ایف سی کے دستے نے پاکستان کا پرچم میدان میں داخل کیا‘ایف سی کے ساتھ دیگر بینڈز نے بھی خوبصورت دھنیں پیش کیں‘قومی ترانہ بجایا گیا ‘ملک کے نامور کھلاڑیوں نے مشعل روشن کی ان میں پنجاب کی ساؤتھ ایشین سلور میڈلسٹ عاصمہ اکرام ‘اسلام آباد کی گولڈ میڈلسٹ قائداعظم گیمز حناء عروج ‘بلوچستان کے انٹرنیشنل ہینڈ بال کھلاڑی رشید ‘فاٹا کے کراٹے کے انٹرنیشنل پلیئر شفیق آفریدی ‘سندھ کے شہباز خان ‘گلگت بلتستان کی قائداعظم گیمز کی گولڈ میڈلسٹ مہوش کریم تائیکوانڈو کے اعجاز اور کے پی کے ساؤتھ ایشین گیمز کراٹے کے گولڈ میڈلسٹ خالد نور شامل تھے۔

خالد نور نے مشعل روشن کی‘ چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر ‘فاٹا اور گلگت بلتستان کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا‘اس موقع پرخٹک ڈانس‘ محسود ڈانس اور دیگر رقص پیش کئے گئے ‘سکول کی بچیوں نے قومی نغمے پیش کئے‘ہوا میں غبارے اور کبوتر چھوڑے گئے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا۔

خیبر پختونخوا کے دستے کی قیادت  چیف ڈی مشن ڈائریکٹر آپریشنز اسپورٹس اور ان گیمز کیلیے فنانس کمیٹی کے چیئرمین سید ثقلین شاہ نے کی ان کے ساتھ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل طارق پرویزڈپٹی چیف ڈی مشن تھے ‘فاٹا کے دستے کی قیادت انجینئر سیف السلام نے کی ان کے ہمراہ فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر شاہد خان شنواری ‘نواز خان‘ رحمت گل آفریدی‘نور اسلم ‘عبدالصمد ‘جنید خان‘ ایوب خان ‘اعوان حسین سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

گیمز کے افتتاح کے بعد مختلف وینیوز پر کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز ہوگیا ہے یہ گیمز تین روز تک جاری رہیں گی جبکہ 20 مارچ کو اس کی اختتامی تقریب سہ پہر چار بجے پشاور کے قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگی جس کیلیے گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا مہمان خصوصی ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔