یو اے ای نے پاکستانی شہریوں کیلیے کریکٹر سرٹیفکیٹ کی شرط معطل کردی

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 مارچ 2018
یواے ای میں ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوگئی تھی (فوٹو:فائل)

یواے ای میں ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوگئی تھی (فوٹو:فائل)

 اسلام آباد: متحدہ عرب امارات نے پاکستانی مزدوروں کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کی شرط معطل کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یواے ای میں روزگار حاصل کرنے کے خواہش مند پاکستانی مزدوروں کی بڑی مشکل اب آسان ہوگئی۔ اماراتی حکومت نے نئے ویزا قانون میں نرمی کرتے ہوئے پاکستانی مزدوروں کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کی شرط معطل کردی۔

یہ شرط بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی کوششوں کی وجہ سے ہٹائی گئی ہے اور یو اے ای میں ملازمت کے متمنی پاکستانیوں کو پرانے طریقہ کار کے مطابق رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یو اے ای میں نئے قانون کے نفاذ سے پاکستانیوں کو روزگار ملنا مشکل

خیال رہے کہ رواں برس متحدہ عرب امارات نے ایک نیا قانوں نافذ کیا تھا جس میں وہاں جانے والی پاکستانی افرادی قوت کے لیے لازم قراردیا گیا کہ ویزا کے حصول کے لیے امیدوار پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرکے اسے پاکستانی وزارت خارجہ اورمتحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے تصدیق کرواکر دستاویزات کے ساتھ منسلک کریں دوسری صورت میں انہیں ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔

ان کڑی شرائط کے بعد ملازمت کے لیے یواے ای جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ اوورسیز پروموٹرز بھی شدید مشکلات کا شکار ہوگئے تھے اور ان کے وقت کا بہت ضیاع ہورہا تھا۔ پاکستان بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے اعدادو شمار کے مطابق ان اقدامات سے یواے ای میں ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوگئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔