ایسٹر تہوار منایا گیا پوپ فرانسس کی اپیل

پوپ فرانسس نے انسانی حقوق کے قوانین اور پناہ گزینوں کے مسائل پر بھی زور دیا۔


Editorial April 03, 2018
پوپ فرانسس نے انسانی حقوق کے قوانین اور پناہ گزینوں کے مسائل پر بھی زور دیا۔ فوٹو : فائل

پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسیحیوں نے اتوار کو اپنا مذہبی تہوار ایسٹر منایا۔ ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوا جن میں مقررین نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات پر روشنی ڈالی اور ملکی ترقی وسلامتی کے لیے دعائیں کیں، حکومت کی طرف سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

مسیحی مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے بلاتفریق رنگ ونسل، مذہب وملت اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے دنیا بھر کے رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ شام میں خونریزی کے فوری خاتمے کے لیے اقدامات کریں۔ اٹلی کے شہر روم میں سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ایسٹر تہوار پر اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ شام کے عوام بظاہر نہ ختم ہونے والی جنگ سے تھک چکے ہیں۔

پوپ فرانسس نے انسانی حقوق کے قوانین اور پناہ گزینوں کے مسائل پر بھی زور دیا۔ اتحاد بین المذاہب کے پیروکار پاکستانی عوام بھی اپنے مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان کی سیاسی جماعتوں، وزرا، فنون لطفیہ اور شوبز سے متعلقہ شخصیات نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارک باد پیش کی، جب کہ حکومت پاکستان کی جانب سے مسیحی برادری کو پیر کو اختیاری چھٹی دی گئی۔

اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمام مذاہب کے پیروکاروں کو برابری کی بنیاد پر حقوق اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آزادی عطا کی ہے، یہی سبب ہے کہ پاکستان میں ہر مذہب کے ماننے والے خوشحال اور مطمئن آسودہ حال زندگی بسر کررہے ہیں۔ لیکن دنیا کے دیگر خطوں میں مسلمانوں کی حالت زار تشویشناک ہے۔ پوپ فرانسس نے اپنے دورِ پاپائیت کے پہلے 5 برسوں کے دوران شام میں ہونے والے خون خرابے کی مسلسل مذمت کی ہے۔

پرنس چارلس نے بھی اپنے پیغام میں بین المذاہب ہم آہنگی پر زور دیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حضرت مسیحؑ کی تعلیمات میں محبت، پیار اور قربانی جیسے عظیم پیغامات کو اپنایا جائے تاکہ وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے، دشمنان پاکستان اپنی سازشوں میں مصروف ہیں مگر ہم سب کو اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھنا ہو گا اور سب سازشیوں کی چالوں کو ناکام کرنا ہو گا۔

مقبول خبریں