پنجاب میں میڈیکل اسٹورز کی ڈرگ ایکٹ کے خلاف ہڑتال ختم

ویب ڈیسک  جمعرات 26 اپريل 2018
ہڑتال کے باعث مریضوں کو ادویات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا رہا (فوٹو:فائل)

ہڑتال کے باعث مریضوں کو ادویات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا رہا (فوٹو:فائل)

لاہور: پنجاب بھر کے میڈیکل اسٹورز مالکان نے ڈرگ ایکٹ 2017ء کے خلاف جاری شٹر ڈاؤن ہڑتال ختم کردی جس کے باعث مریضوں کو ادویات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈرگ ایکٹ میں ترمیم کے خلاف فارما سیکٹر نے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے ہڑتال کردی۔ لاہور، ملتان، حافظ آباد، کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، راجن پور، جہانیاں، سوہاوہ سمیت مختلف شہروں میں میڈیکل اسٹورز مالکان نے احتجاج کیا۔ دکانیں بند ہونے اور ادویات کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا رہا۔

فیصل آباد میں بھی کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی، شہر بھرکے اسٹورز اور فارمیسی پوائنٹس بند رہے۔ کندیاں، چشمہ، پپلاں، ہرنولی، بھکر، بہاولنگر سمیت ضلع بھر میں بھی میڈیکل اسٹورز اور فارمیسی پوائنٹس کی ہڑتال جاری رہی بعدازاں پنجاب حکومت سے مذاکرات کے بعد میڈیکل اسٹور مالکان نے ہڑتال ختم کردی ہے۔

واضح  رہے کہ ڈرگ ایکٹ 2017ء کے تحت میڈیکل اسٹور میں ہر وقت ایک ماہر فارماسسٹ کی موجود گی لازمی قرار دی گئی ہے اور میڈیکل اسٹور میں گندگی پر بھی سزا ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔