کم لیگز زیادہ فٹنس بورڈ نے نئی پالیسی جاری کردی

سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز2تک محدود،خصوصی کیس کاکمیٹی فیصلہ کریگی


Sports Reporter May 10, 2018
ڈومیسٹک سیزن میں4روزہ کے ساتھ ون ڈے میچز کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ فوٹو : پی سی بی

فٹنس مسائل سے بچانے کیلیے بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرزکو2 لیگز تک محدود کرنے کی پالیسی جاری کردی۔

پی سی بی ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم میں کرکٹ بورڈکی جانب سے3 مئی کو اجلاس میں سفارشات تیار ہوئی تھیں جنھیں حتمی منظوری کے بعد اب میڈیا کو جاری کر دیا گیا ہے، غیرملکی لیگز میں شرکت کے حوالے سے نئی پالیسی متعارف کرا دی گئی ہے، سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کو ایک سیزن کے دوران پی ایس ایل سمیت صرف 2 انٹرنیشنل لیگز میں شرکت کی اجازت ہو گی۔

سینٹرل کنٹریکٹ نہ رکھنے والے کھلاڑی کم از کم 3 فرسٹ کلاس میچز میں شرکت کے بعد ہی این او سی حاصل کر سکیں گے، ریٹائرڈ کرکٹرز کو آئی سی سی قوانین کے مطابق اپنی ریٹائرمنٹ کے2 سال بعد اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا،بعدازاں اس کی ضرورت نہیں ہوگی، کسی خصوصی کیس کی صورت میں این اوسی دینے کا فیصلہ چیئرمین پی سی بی کی سربراہی میں4رکنی کمیٹی کرے گی،ہیڈ کوچ بھی اس میں شامل ہونگے۔

مزید برآں فیصلہ کیا گیا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔ پایک نیا سسٹم متعارف کراتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 4روزہ کے ساتھ ون ڈے ٹورنامنٹ بھی جاری رہے گا،طویل فارمیٹ کا میچ ختم ہونے کے ایک دن بعد ون ڈے مقابلہ ہوگا۔

قائد اعظم ٹرافی میں ریجنز اور ڈپارٹمنٹس کی8،8 ٹیمیں شریک ہوں گی،گریڈ ون میں آخری نمبر پر رہنے والی ٹیموں کی گریڈ ٹو میں تنزلی ہوگی، اسی طرح گریڈ ٹو میں ٹاپ ٹیم کی ترقی ہوگی، ڈومیسٹک پلیئرز کی فیسوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو میں ٹیموں کی تعداد کم کرتے ہوئے 16 کر دی گئی ہے۔ نجی لیگز کو این او سی حاصل کرنے کیلیے بورڈ کے وضع کردہ تمام قوانین کی پابندی یقینی بنانا ہو گی،اس حوالے سے وضع کیے جانے والے قواعد و ضوابط جلد فراہم کر دیے جائیں گے ۔

مقبول خبریں