ڈس ایبلڈ کرکٹ انگلینڈ نے پاکستان کو 6وکٹ سے ہرا دیا

میزبان ٹیم نے 161کا ہدف 18 اوورز میں حاصل کرلیا، بنگلہ دیش کو مات


Sports Desk July 11, 2018
میزبان ٹیم نے 161کا ہدف 18 اوورز میں حاصل کرلیا، بنگلہ دیش کو مات۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ڈس ایبلڈ کرکٹ سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹ سے ہرادیا۔

ورکشائر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کڈرمنسٹر کرکٹ گراؤنڈ پرمیزبان ٹیم نے 161رنز کا ہدف 18 اوورز میں حاصل کرلیا، اس سے قبل منعقدہ میچز میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 45رنز سے مات دیکر فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز میں دوسری کامیابی حاصل کی ،انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے واجد عالم نے 74کی دلکش اننگزکھیلی جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین سیف اﷲ 42 رنزبناکر نمایاں رہے۔

وارکشائر کے کڈرمنسٹر کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان ڈس ایبلڈ ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں پر 180رنز جوڑے، واجد عالم نے 74رنز بنائے، ان کی اننگز میں 10چوکے اور 2چھکے شامل رہے، سیف اﷲ نے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 42رنزاسکور کیے، ان کے درمیان دوسری وکٹ پر 95رنزکی ساجھے داری بنی، محمد شہباز 23 اورجہانزیب ٹوانہ 29رنزبناکر پویلین واپس ہوئے، ریاد السلام کو 29رنز پر 2جبکہ محمد عالم خان کو 20رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل ہوئی۔

بنگلہ دیشی ٹیم 181رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 18.3اوورز میں 135رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ واجد عالم اور سیف اﷲ کے مابین دوسری وکٹ پر 95رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ نہارعالم، واقف شاہ، محمد حارث، جہانزیب ٹوانہ نے 2,2وکٹیں اپنے نام کیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شریف الاسلام نے 39اور محمد جاوید بھویان 25رنز کے ساتھ نمایاں رہے، میچ کے اختتام پر سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد محبوب نے واجد عالم کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔

اس موقع پر امیر الدین انصاری، سیکریٹری پی ڈی سی اے اور محمد صادق کھتری ڈائریکٹر پی ڈی سی اے بھی موجود تھے۔اسی گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 4وکٹوں سے شکست دے کراپ سیٹ کردیا۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کرپہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹ پر 130رنز بنائے،ہیگو ہیمنڈ 30، لائم تھامس 28 اورکالم فلائن 23رنز بنانے میں کامیاب رہے، منیر الزمان ، اکبر حسین اوردرپام پیٹرونوبس نے2،2کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔

بنگلہ دیش نے ہدف 18.3اوورز میں 6وکٹیں گنواکر حاصل کرلیا، دروپام پیٹرنوبس نے ناقابل شکست 43رنز اسکور کیے، ایس ایم شہریار شمیم 43 رنز بناکر نمایاں رہے، فریڈ برج نے 2وکٹیں اپنے نام کیں۔

 

مقبول خبریں