پنجاب کے مختلف حلقوں میں امیدواروں کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 جولائی 2018
لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو شکست ہوئی فوٹو: فائل

لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو شکست ہوئی فوٹو: فائل

لاہور: پنجاب میں قومی و صوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں میں امیدواروں کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل  جاری ہے۔

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں کئی حلقے ایسے بھی تھے جن میں کامیاب امیدواروں کی فتح کا مارجن انتہائی کم تھا جس کے باعث کئی امیدواروں نے متعلقہ ریٹرننگ افسران سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں کی تھیں، ان ہی درخواستوں پر کئی حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جاری ہے۔

این اے 73 سیالکوٹ

غیر حتمی سرکاری نتیجے کے مطابق این اے 73 سیالکوٹ سے مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف کامیاب ہوئے تھے، ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے عثمان ڈار نے ووٹوں کی گنتی کے لیے درخواست کی تھی۔

این اے 108 فیصل آباد

فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 میں مسلم لیگ (ن) کے عابد شیر علی کی درخواست پر ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ اس حلقے سے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار فرخ حبیب نے ایک لاکھ 12 ہزار 740 ووٹ حاصل کئے جبکہ عابد شیر علی ایک لاکھ 11 ہزار 529 ووٹ لے کر ناکام رہے تھے۔

این اے 131 لاہور

این اے 131 سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے  84 ہزار 313 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جب کہ سابق وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق 83 ہزار 634 ووٹ لے کر ناکام رہے۔

این اے 126 لاہور

لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 126 سے پی ٹی آئی کے حماد اظہر  کامیاب قرار پائے تھے، حماد اظہر نے ایک لاکھ 5 ہزار 734 ووٹ لئے تھے جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوارنے ایک لاکھ 2 ہزار 677 ووٹ حاصل کئے تھے۔

این اے 157 ملتان

ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 157 میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسی گیلانی کی درخواست پر ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ اس حلقے سے پی ٹی آئی کے امیدوار زین حسین قریشی 77 ہزار 371 ووٹ لےکر کامیاب قرار پائے ہیں جب کہ علی موسی گیلانی نے 70 ہزار 830 ووٹ لیے تھے۔

این اے 57 مری

این اے 57 مری میں مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی ہے ، انہوں نے ایک لاکھ 24 ہزار 703 وٹ لئے تھے جب کہ پی ٹی آئی کے صداقت علی خان ایک لاکھ 36 ہزار 249 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے۔

پی پی 162 لاہور

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 162 پر مسلم لیگ (ن) کے یاسین سوہل کامیاب قرار پائے تھے۔ ووٹوں کی دوبارہ گنتی تحریک انصاف کے علیم خان کی درخواست پر ہوئی ہے۔

پی پی 270 مظفر گڑھ

مظفر گڑھ میں پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 270 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد عوامی راج پارٹی کے امیدوار اجمل چانڈیہ  کو شکست ہوگئی جب کہ آزاد امیدار عبدالحئی کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔ ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں آزاد امیدوار عبدالحئی دستی 17 ووٹوں سے کامیاب ہوئے ہیں اور ان کے 17 ہزار 717 ووٹ نکلے ہیں جب کہ اجمل چانڈیہ کے 17 ہزار 700 ووٹ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔