کراچی سے کچرا کیوں نہیں اٹھایا جا رہا ہے؟ واٹر کمیشن

اسٹاف رپورٹر  منگل 14 اگست 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

کراچی: سپریم کورٹ کے حکم پر بنائے گئے واٹر کمیشن نے شہید بے نظیر آباد اسپتال کے گندی میں گھپلے کے حوالے سے سیکریٹری صحت کو ایم ایس کیخلاف محکمہ جاتی کاروائی کرنے اور اسپتالوں میں اننسنریٹر بھی نصب کرنے کا حکم دے دیا۔

کمیشن سربراہ نے شہر کراچی کی سڑکوں سے کچرا نہ اٹھانے سے متعلق چینی کمپنی کے چیئرمین کو پیش ہونے کے لیے آخری مہلت دے دی اگر اب پیش نہیں ہوئے تو فیصلہ سنادیا جائے گا، جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیے کہ چینی کمپنی کچرا اٹھانے میں ناکام ہوچکی ہے جب کام نہیں ہورہا تو ہم ان لوگوں کو ڈالر میں پیسہ کیوں دیں۔

سندھ ہائی کورٹ میں واٹر کمیشن کا اجلاس جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں ہوا، شہر کراچی کی سڑکوں سے کچرا نہ اٹھانے کا معاملہ پر چینی کمپنی کی ڈائریکٹر، ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ کمیشن کے روبرو پیش ہوئے، کمیشن نے ریمارکس دیے کہ ہم نے ڈائریکٹر کو نہیں، چیئرمین سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو بلایا تھا، چینی کمپنی کے وکیل نے موقف دیا ڈائریکٹر بھی چائنہ سے آئی ہیں۔

سربراہ کمیشن نے ریمارکس دیے کہ ہمیں چیئرمین سے مطلب ہے، انھیں کمیشن میں بلائیں، چیئرمین بھی تو جواب دیں آکر کہ آخر کراچی شہر سے کچرا کیوں نہیں اٹھا رہے ہیں ، جسٹس ر امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیے کہ شہر کا کچرا اگر لوکل گورنمنٹ کو دیتے تو ان سے زیادہ ہی کام کرلیتے، چینی کمپنی کو تو لوکیشن تک کا معلوم نہیں، چینی کمپنی کو 3 ماہ سے شہر کا کچرا صاف کرنا تھا جو نہیں ہوا، ہم کیوں نہ ٹھیکہ مقامی حکومت کے حوالے کردیں، ہمیں تو فائدہ ہی نہیں ہورہا۔

کمیشن کے سربراہ نے استفسار کیا جب کام نہیں ہورہا تو ہم ان لوگوں کو ڈالر میں پیسہ کیوں دیں؟ چینی کمپنی کے پاس کوئی کیپیسٹی ہی نہیں، چینی خاتون نے موقف اپنایا ہمیں واجبات نہیں دیے جارہے ہیں ، ایم ڈی سولڈ ویسٹ مینجمنٹ نے بتایا کہ چینی خاتون جھوٹ بول رہی ہے، جینی کمپنی کے وکیل نے موقف دیا کہ ہمیں 2 روز کی مہلت دے دی جائے ہم چیئرمین کے متعلق آگاہ کردینگے۔ کمیشن نے ریمارکس دیے کہ آخری مہلت دے رہے ہیں چئیرمین آئے تو ٹھیک ورنہ اپنا فیصلہ جاری کر دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔