نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ اگر وہ اپنے اکاؤنٹ تک رسائی کھو دیتے ہیں یا ہیکنگ کا شبہ ہے تو فوری درج ذیل اقدامات کریں۔
ادارے نے جاری کردہ ایک ریلیز میں مشتبہ ہیک کی صورت میں اہم اقدامات کی پیروی کا خاکہ پیش کیا۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ واٹس ایپ کو ان انسٹال اور دوبارہ انسٹال کریں، پھر لاگ ان کرنے کے لیے اپنا فون نمبر درج کریں۔ ایس ایم ایس کے ذریعے چھ ہندسوں کا تصدیقی کوڈ بھیجا جائے گا، جسے فوری طور پر درج کیا جانا چاہیے۔
ایجنسی نے وضاحت کی کہ ایک بار کوڈ داخل ہونے کے بعد، واٹس ایپ ہیکر کی ڈیوائس سے خود بخود لاگ آؤٹ ہو جائے گا، کیونکہ ایپلی کیشن ایک وقت میں صرف ایک موبائل فون پر فعال ہو سکتی ہے۔
صارفین کو مشورہ دیا گیا کہ اگر واٹس ایپ ان سے سات دن انتظار کرنے کو کہے تو وہ گھبرائیں نہیں، ایسا ہو سکتا ہے کہ ہیکر نے ٹو سٹیپ ویریفکیشن فیچر کو فعال کر دیا ہو اور پن نامعلوم ہو۔
این سی سی آئی اے نے واضح کیا کہ ایسے معاملات میں صارفین کو پرسکون رہنا چاہیے کیونکہ ایس ایم ایس تصدیقی کوڈ داخل کرنے سے ہیکر پہلے ہی لاگ آؤٹ ہو جاتا ہے۔ سات دن کے انتظار کے دوران، کوئی بھی اکاؤنٹ تک رسائی یا پیغامات نہیں پڑھ سکتا۔