اسلام آباد:
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی ناموں سے بنے اکاؤنٹس سے ملک کے خلاف مواد استعمال ہورہا ہے، بیرون ملک سے بنے سوشل اکاؤنٹس سے پوسٹیں ہوتی ہیں اور ہر ٹویٹ اور ٹرینڈ کے پیسے دیے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی بھی آئین و قانون کے مطابق استعمال کرنا چاہیے، پی ٹی آئی بہت دیر سے سوشل میڈیا پر خاص قسم کا پراپیگنڈا کررہی ہے، سوشل میڈیا پر ایک ایک مسیج اور ٹویٹ کے پیسے وصول کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آج آپ کے سامنے کچھ دستاویزات اور ثبوت پیش کروں گا یہ سرکاری شواہد نہیں ہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے مہیا کیے ہیں، زیادہ تر اکاؤنٹ بیرون ملک سے آپریٹ ہورہے ہیں، جعلی نام کے ساتھ اکاؤنٹ بنائے گئے ہیں، یہ تمام ثبوت سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے لیے گئے ہیں، ہر ٹویٹ اور ٹرینڈ کے پیسے دیئے جاتے ہیں، سوشل میڈیا کے اکاؤنٹ پاکستان سے نہیں باقی ملکوں سے آپریٹ ہورہے ہیں سوشل میڈیا پر چلنے والے اکاؤنٹس جعلی ہیں ہمارے پاس سوشل میڈیا پر چلنے والے اکاؤنٹ ٹریس ہوچکے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ تمام کمپنیاں بیرون ملک بیٹھی ہوئی ہیں، زیادہ تر فیک اکاؤنٹ بنائے گئے ہیں، ہمارے ادارے بھی جعلی اکاؤنٹ کے خلاف رپورٹ کررہے ہیں، ہم دہشت گردوں کے خلاف کافی عرصے سے لڑ رہے ہیں، ہم دہشت گردوں کے خلاف پہلی صف میں کھڑے ہیں مگر ان جعلی اکاؤنٹس سے بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کو سپورٹ کیا جارہا ہے۔